ہرنائی (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ ملک اور اس دو قومی صوبے میں پشتون تیسرے درجے کے شہری کی حیثیت سے زندگی گزار رہے ہیں، پشتونخوامیپ پشتون قومی جغرافیائی وحدت، قومی تشخص، پشتونوں کو اپنے وسائل پر اختیار دینے، ملکی سیاست میں آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، قوموں کی برابر ی کا حقیقی فیڈریشن، جمہور کی حکمرانی کو تسلیم کرانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے، پارٹی یونٹس اور ان کی تشکیل پارٹی منشور کے مقرر اہداف کا حصول کا ذریعہ ہے، پارٹی میں عوام کی شمولیت پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کے بیانیہ پر کھلی اعتماد کا مظہر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع ہرنائی کے نسکہ علاقائی یونٹ کے کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ سوزوڑی علاقائی یونٹ،لاندی ہرنائی علاقائی یونٹ، بالا ہرنائی علاقائی یونٹ کے کانفرنسز بھی منعقد ہوئے۔ جن سے صوبہ پنجاب کے سیکرٹری عبدالخالق وطنپال، جنوبی پشتونخوا کے صوبائی ڈپٹی گل خلجی،ضلع سیکرٹری نعیم خان، سینئر معاون سیکرٹری ملک عبدالسلام، ضلعی رہنماؤں محمد دین کاکڑ، ملک امو جان، عنایت خان، عبداللہ، طارق افغان، ملک مصور خان، رفیق خان ترین، حاجی خالقداد ترین، خیرو افغان، وکیل ترین پشتونخوا ایس او کے سینئر ڈپٹی آرگنائزر یار محمد بریال ویگر مقررین نے خطاب کیئے۔ اس موقع پر شاہرگ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین عطا اللہ شاہ، یونین کونسل کے چیئرمین واحد ترین ودیگر بھی شریک تھے۔کانفرنسز میں تنظیمی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس کی مندوبین نے منظوری دیں، جبکہ چاروں علاقائی یونٹوں کے علیحدہ علیحدہ کانفرنسز کے بعد نئے ایگزیکٹوز کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ جن سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری گل خلجی نے حلف لیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کی کامیابی پر تمام چیئرمینوں، ڈپٹی چیئرمینوں اور کونسلرزکو مبارکباد پیش کیا جنہوں نے پارٹی کے طے شدہ اصولوں کی پابندی کی اور ساتھ ہی میں تمام منتخب ایگزیکٹوز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ منتخب ایگزیکٹوز ضلع ہرنائی میں پارٹی پروگرام کو گھر گھر پہنچاکر ضلع بھر میں پارٹی کو مزید فعال ومضبوط بنائینگے اور اپنے قومی،سیاسی،وطنی، جمہوری اہداف کے حصول کی جدوجہد کو تیز کرینگے۔ مقررین نے کہا کہ ملک کو اس وقت سخت ترین بحرانوں کا سامنا ہے، بدترین مہنگائی، سخت ترین بیروزگاری اور عالمی طور پر ملک تنہائی کا شکار ہوتا جارہاہے۔ ملک کو صحیح خطوط پر استوار کرنے کیلئے ملک کے ہر ادارے کو اپنے ادارتی اختیاری کا پابند بنانا ضروری ہے۔ مقررین نے کہا کہ ضلع ہرنائی میں ایف اور نام نہاد ٹھیکیدار معاہدے کی کوئی آئینی اور قانونی حیثیت نہیں ہم بحیثیت پارٹی یہ کہنے میں حق بجانب ہونگے کہ علاقے کے عوام سے زبردستی بھتہ خوری وصول کرنا اور ان کے وسائل پر قبضہ گیری کی راہ ہموار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد سلیکٹڈ نمائندے کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ہیں، حلقے کے ترقی کے دعوے دراصل ان کے پاکٹ منی میں اضافے کے مترادف ہے، کچھ ہرنائی روڈ، ہرنائی سنجاوی روڈ، ہرنائی سبی ریلوے لائن جو 2018میں مکمل ہونی تھی تاحال ان عوامی منصوبوں کو روکا گیا ہے۔ پارٹی کے دور حکومت میں شروع کردہ منصوبے گزشتہ ساڑھے چار سال سے روکے گئے ہیں اور کوئی بھی منصوبہ مکمل نہیں کیا گیا ہے۔شاہرگ سانگان روڈ، زرغون غر، ہرنائی روڈ کے علاوہ تمام منصوبے نامکمل پڑے ہیں ہرنائی سبی روڈ کے توسیع کا منصوبہ پی ایس ڈی پی سے ہی نکال دیا گیا۔ مقررین نے کہاکہ ضلع ہرنائی اس ملک کا ایک اہم زرعی اور کوئلے کے معدنیات سے مالا مال ضلع ہے اور تمام ضلع کے عوام کے زندگی کا دارومدار زراعت اور کوئلے پر ہیں لیکن حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے شدید غربت اور بے چینی کا شکار ہیں حالانکہ یہ ضلع سالانہ اربوں روپے قومی خزانے میں بطور ٹیکس جمع کرتا ہے لیکن اس ٹیکس سے ضلع ہرنائی کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے جس کی وجہ سے روز بروز عوام کی اقتصادی قوت کمزور ہوتی جارہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ بجلی کی شدید بحران نے عوام کا جینا دوبھرکردیا ہے روزانہ کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے عوام شدید اضطراب کا شکار ہوتے جارہے ہیں، جس کی وجہ سے زراعت اور روزمرہ کی زندگی بہت سخت متاثر ہورہی ہے۔ کیسکو ضلع ہرنائی کے عوام کو اس عذاب سے نجات دلانے کیلئے اقدامات کریں۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ایف سی کی جانب سے عوام کو بے جا تنگ کرنے کے ناروا عمل کی شدید مذمت کرتی ہے اور ایف سی کے عوام دشمن اقدامات کے باعث حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اسے ضلع سے باہر نکالا جائے اور مقامی پولیس اور لیویز فورس کو جدید اسلحہ وتربیت دی جائے۔ کیونکہ ایف سی عوام کو امن وامان دینے کی بجائے عوام دشمنی پر مبنی اقدامات میں مصروف ہوچکی ہے۔ مقررین نے ہرنائی ولن مل کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہرنائی ولن مل ملک کے بہترین ملز میں شمار کیا جاتا تھا لیکن اس بلاجواز بند کردیا گیا۔
ملک اور اس دو قومی صوبے میں پشتون تیسرے درجے کے شہری کی حیثیت سے زندگی گزار رہے ہیں، عبدالرحیم زیارتوال

ٹیگز:
عبدالرحیم زیارتوال
