اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہبازشریف نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی فعال کرنے کیلئے کمیٹی بنادی۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، چوہدری سالک حسین، سید امین الحق، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، معاونینِ خصوصی جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اتھارٹی میں اس وقت 400 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں جس میں سے 63 فیصد پاکستانی، جب کہ باقی چین، امریکا، ترکیہ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھتی ہیں۔ اجلاس کو اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز اور مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے اتھارٹی کی کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اتھارٹی کو فعال اور مؤثر طریقے سے ملکی آئی ٹی برآمدات میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے اقدامات کے ترجیحی بنیادوں پر نفاذ کی ہدایت کی، اور کہا کہ ملک کے وسائل کا مزید ضیاع کسی صورت قبول نہیں، نوجوان آئی ٹی میں اپنے تئیں روزگار کما رہے ہیں اور اتھارٹی غیر فعال ہے۔وزیراعظم نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی فعال کرنے کیلئے کمیٹی بنادی، جس کے سربراہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار ہوں گے، جب کہ وزیر قانون، وزیر سرمایہ کاری اس کے ممبر ہوں گے، احد چیمہ، سینیٹر افنان اللہ اور چیئرمین سی ڈی اے بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ کمیٹی ایک ہفتے میں اتھارٹی فعال کرنے کیلئے سفارشات پیش کرے، اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کو بھی فوری طور پر فعال کیا جائے، بورڈ آف گورنرز میں متعلقہ شعبے کے ماہرین کی موجودگی یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پلاٹوں میں سرمایہ کاری کے بجائے ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دی جائے، اتھارٹی کو فعال کرنے کے اقدامات میں مزید تعطل قبول نہیں کروں گا۔

