پشین(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع پشین کے زیر اہتمام رواں مصنوعی مہنگائی، گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ، صحت، تعلیم اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے خلاف پشین شہر میں احتجاجی مظاہرہ ہوا، مظاہرے کے شرکاء نے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے قاضی چوک پر احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر لی، احتجاجی جلسے سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری حاجی صورت خان کاکڑ، ضلعی سیکرٹری حاجی عبدالحق ابدال، ضلعی معاونین حاجی اکبرخان، ملک منظور احمد اچکزئی، رضا شیدا اور عصمت اللہ باچا نے خطاب کیا، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں میں گر چکا ہے، مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور بیروزگاری نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے۔ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ، گیس پریشر کی شدید کمی، بجلی کی وولٹیج کی کمی اور مختلف علاقوں میں بجلی اور گیس کی مکمل نایابی سے انسانی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس لائنز کے مسجد میں دھماکہ دراصل دہشتگردی کی دوبارہ سر اٹھانے کا خطرناک آغاز ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔اس وحشت ناک، اندوھناک واقعہ جس میں 100سے زائد لوگ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور 150سے زائد افراد شدید زخمی اور اپائج بن گئے ہیں، حکومت واقعہ کی شفاف تحقیقات کرکے ملوث عناصر کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں تاکہ آئندہ ایسی اندوھناک، وحشت ناک واقعات کی روک تھام ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ بس حادثے میں شہید ہونیوالے 41افراد کی لاشیں اب تک کراچی کے ہسپتالوں میں ہیں صوبائی حکومت کی جانب سے ان کی میتیں گھروں تک پہنچانے کا کوئی انتظام نہیں ہے،صوبائی حکومت کی غفلت،کوتاہی اور روڈ سپیڈ کو کنٹرول نہ کرنے اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہیں, مقررین نے کہا کہ آج پشتون ملک اور بالخصوص اس دو قومی صوبے کے ہر شعبہ زندگی میں بدترین حالات سے دوچار ہیں، ناانصافیوں کی کئی مثالیں موجود ہیں جس پر سلیکٹڈ حکومت اور اس میں شامل جماعتیں مکمل کی شریک ہیں جنہوں نے پشتونوں کے حقو ق پر خاموشی اختیار کرکے اپنے سلیکٹڈ ہونے کا واضح ثبوت دیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے جس تحریک کی بنیاد رکھی اور جو بیانیہ رکھا آج وقت نے اس درست قومی، سیاسی، جمہوری بیانیہ پر مہر تصدیق ثابت کردیا ہے۔
مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور بیروزگاری نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے،حاجی صورت خان کاکڑ

ٹیگز:
صورت خان
