کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا مفتی محمد روزی خان، سرپرست مولانا قاری مہر اللہ شیخ مولانا احمد جان مولانا محمد ہاشم خیشکی مولانا حکیم حبیب اللہ حافظ عبد الحق حقانی مولانا محمد اشرف جان مفتی غلام نبی محمدی شیخ مولانا عبد الاحد محمد حسنی حاجی محمد شاہ لالا مفتی عبد السلام ریئسانی مفتی عبد الغفور مدنی حافظ سراج الدین مفتی رحمت اللہ اور دیگر نے قومی اسمبلی سے انسدادِ توہینِ صحابہ و اہل بیت بل کی منظوری کو تاریخ ساز فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسداد توہین صحابہ واہل بیت بل کی منظوری جمعیت کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، بل پر جمعیت علماء اسلام کے اراکین اسمبلی کے دستخط اغراض ومقاصد سے دفارادی کا ثبوت ہیں، انہوں نے کہا کہ اس بل کی منظوری سے فرقہ وارانہ تعصبات کی فضاء کا خاتمہ ہوگا، بدقسمتی سے اس موضوع پر ملک دشمن ممالک نے 1980کی دہائی سے تاحال مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام کو نفرتوں کی بھینٹ چڑھا کر امت کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کی گئی، جس کے خلاف روز اول سے جمعیت علماء اسلام پاکستان نے واضح بیانیہ قوم کو دے کر پرامن سیاسی جدوجہد کی راہ اپنائی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں بل پر اصل روح کے مطابق عمل درآمد وقت کا اہم تقاضہ ہے جس سے فسادات اور مسائل کا راستہ روکنے کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے کہا صحابہ کرام،امہات المومنین اور اہل بیت اطہار کی شان میں گستاخی کا پاکستان جیسی ریاست میں سوال ہی پیدا نہیں ہوتا انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اور قادیانی لابی کی وطن عزیز کے خلاف منفی سازشوں کی روک تھام اور سوشل میڈیا کے موجودہ دور میں گستاخیوں کے واقعات بہت سے فساد و انتشار اور بدامنی کا سبب بنتے ہیں اس لیے اس کی قانونی بنیادوں پر روک تھام ازحد ضروری ہے اس اہم ترین آئینی ذمہ داری کی سرانجام دہی پر قومی اسمبلی مبارک باد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جمعیت علماء اسلام کی جانب سے سودی نظام کے خلاف کی کاوشیں بھی قابل تحسین ہیں اس پر بھی فوری طور پر عمل ہونا چاہیے۔
انسداد توہین صحابہ واہل بیت بل کی منظوری جمعیت کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، مولانا عبدالرحمن رفیق

ٹیگز:
مولانا عبدالرحمن رفیق
