کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بی یو جے کے صدر عرفان سعید جنرل سیکرٹری منظور احمد اور کابینہ کے دیگر ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں بخاری مارکیٹ میں صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو یرغمال بنانے، تشدد کرنے اور گاڑیوں پر حملے کرنے کیعمل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے غیرقانونی کرنسی ڈیلرز کے خلاف کارروائی کے دوران میڈیا ٹیموں کے ساتھ ناروا سلوک اور ٹی وی چینلز کی گاڑیوں پرحملہ کرکے ڈی ایس این جی وین سمیت میڈیا کی چھ گاڑیوں کے ٹائر تباہ کرنا ناقابل برداشت اور صحافتی فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ بننے کے مترادف ہے۔ فوٹیجز کے ذریعے میڈیا ٹیموں پر حملہ آور مشتعل افراد کی نشاندہی کرکے پولیس کو بی یو جے کے صدر کی مدعیت میں ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواست دیدی ہے، بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سٹی تھانہ کے افسران واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کو فوری گرفتار کرے۔ بی یو جے صدر اور جنرل سیکرٹری نے کہا ہے کہ واقعے کے بعد مرکزی انجمن تاجران کے ذمہ داروں کا بی یو جے قیادت سے موقع پر ملاقات اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تاہم صحافیوں کے ساتھ مشتعل افراد کا نارواسلوک قابل گرفت عمل ہے اور سرکاری ادارے کی جانب سے کارروائی کا غصہ نہتے صحافیوں پر اتارنا غیر مہذب فعل ہے، تاجر برادری سے امید ہے کہ وہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں پولیس کی مدد کریں گے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے واقعے پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ایف آئی اے چھاپے کے دوران مشتعل تاجروں کی طرف سے میڈیا ٹیموں پر حملہ قابل مذمت ہے،بی یو جے

ٹیگز:
بی یو جے
