اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہبا زشریف نے کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں پولیس ٹرک پر دھماکے کی مذمت کی ، وزیراعظم شہبا زشریف نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور افسوس کااظہار کیا ، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور تھے ، وزیراعظم شہبازشریف نے کوئٹہ دھماکے کی فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کی جانب سے کہا گیا کہ پولیس اہلکار سمیت ایک بچے کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا ، دھماکے میں زخمیوں کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں ، ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار موذی مرض کے خاتمے کیلئے جان کی پرواہ کئے بغیر فریضہ انجام دے رہے ہیں،شرپسند عناصرپولیو کے خاتمے کی مہم روکنے میں ہمیشہ ناکام رہیں گے۔، وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات شامل ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی پر موجود گاڑی پر دہشت گردحملے کی مذمت کی ہے ۔بد ھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے دھماکے میں بچے اور پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بچے ہمارا بیش قیمت قومی اثاثہ اور مستقبل ہیں۔
پاکستان کے بچوں کو پولیو جیسی بیماری سے محفوظ رکھنے کیلئے پرعزم ہیں ۔صدر مملکت نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صدرمملکت نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کو پولیو کے مکمل خاتمے کے مشن میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔انہوں نے پولیو کے خاتمے کیلئے ہیلتھ ورکرز اور پولیس کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے زخمیوں کیلئے جلد صحتیابی کی دعا، جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی۔

