کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاک افغان سرحد چمن پر غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کرنے کی کوشش کرنے والے افراد اور سیکورٹی فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ ایک اہلکار شہید دو زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی فورسز ذرائع کے مطابق اتوار کو چمن میں پاک افغان سرحد پر باب دوستی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کی کوشش کی گئی جس پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے انہیں روکنے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک سیکورٹی اہلکار رحمت اللہ شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد سرحد پر صورتحال کشیدہ ہو گئی اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پاک افغان سرحد کو باب دوستی کے مقام پر ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا۔ فائرنگ کے بعد پاکستان حکام کی جانب سے ہنگامی فلیگ میٹنگ بلا کر افغان حکام سے شدید احتجاج اور واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ دریں اثناء فائرنگ سے شہید ہونے والے اہلکار کی نماز جنازہ چمن میں ادا کردی گئی جس میں سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
٭٭٭٭
پاک افغان سرحد ،غیرقانونی طورپر بارڈرکراس کرنے کی کوشش سیکورٹی فورسزمیں فائرنگ کا تبادلہ 1 اہلکار شہید دو زخمی

ٹیگز:
پاک افغان سرحد
