اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) نیب ترامیم کے خلاف پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 4 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ تین رکنی بینچ کا حصہ ہوں گے۔عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل اور ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے جبکہ حکومت نے نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست خارج کرنے کی استدعا بھی کر رکھی ہے۔سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے جواب میں حکومت نے کہا تھا کہ درخواست میں عوامی اہمیت اور قانونی نہیں بلکہ سیاسی معاملہ اٹھایا گیا ہے اور واضح نہیں کہ ترامیم بنیادی حقوق سے کس طرح متصادم ہیں۔

