نیویارک(ڈیلی گرین گوادر)نیویارک میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر کے نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس کی سربراہی کی۔اجلاس میں عالمی برادری کے مسائل اور ان کے حل پر گفتگو کی گئی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دنیا میں امن اور ترقی کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنا ہوگا، آئندہ نسلوں کیلئے مساوی معاشی حقوق کی بھی جدوجہد کرنا ہوگی۔انھوں نے کہا کہ نوجوان وزرائے خارجہ عالمی برادری کے ایک دوسرے سے تعاون میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور اس ملاقات کا مقصد دنیا کے مستقبل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا ہے۔
کانفرنس میں کینیڈا ، چیک ری پبلک ، ہنگری ، قطر اور سربیا سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔ وزیرمملکت حنا ربانی کھر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔شرکاء نے دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کو اکٹھا کرنے کے بلاول بھٹو زرداری کے اقدام کو سراہا اور ان کا ساتھ دینے کا عزم ظاہر کیا۔

