کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی غیر نمائندہ حکومت سیلاب متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے موثر منصوبہ بندی کے بجائے عارضی بنیادوں پر فیصلے کررہی ہے۔ وزارت خوراک،زراعت، چیمبر آف کامرس، تاجر اورزمیندار ملکر صوبے کی ضروریات کا تعین کرکے ہمسایہ ممالک سے اشیاء خوردونوش درآمد کرنے کی پالیسی تشکیل دیں تاکہ مقامی زمینداروں کا نقصان نہ ہو،یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سریاب کے علاقے بادینی لنک بائی پاس، محمد شہی ٹاؤن کے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہی۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ لوگوں، انفراسٹرکچر کی ازسر نو بحال ایک بہت بڑا چیلنج ہے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلاتاخیر بلوچستان میں بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس طلب کر کے دنیا بھر کے فلاحی اداروں اور ممالک سے متاثرہ لوگوں کی دوبارہ آبادی کاری کیلئے مدد مانگیں مگر یہاں صوبے کی غیر نمائندہ حکومت اور اس کے درپردہ اتحادی سیلاب متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے موثراقدامات اٹھانے کی بجائے عارضی بنیادوں پر فیصلے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزارت خوراک اور زراعت نے بغیر منصوبہ بندی کے ہمسایہ ممالک سے اجناس درآمدکی جس سے مقامی زمینداروں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے اور وہ سراپا احتجاج ہیں،دونوں وزارتوں کو چائیے تھاکہ چیمبر آف کامرس، تاجروں اور زمینداروں سے پوچھ کر مقامی زمینداروں کی فصلوں کو مدنظر رکھ کر ہمسایہ ممالک سے اشیاء خوردونوش درآمد کرتے۔ انہوں نے کہا کہ غیر منتخب نمائندوں میں قدرتی آفت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ایک بہت بڑے بحران سے نمٹنے کی صلاحیت نہ ہونے سے صوبے میں زرعی اجناس اور ادویات کی کمی کا ایک نیا بحران پیدا ہوا ہے اس سے نمٹنے کیلئے وفاقی و صوبائی وزارت خوارک، صحت، چیمبر آف کامرس تاجر اورزمیندار ملکر صوبے کی ضروریات کا تعین کرکے ہمسایہ ممالک سے اشیاء خوردونوش درآمد کرنے کی پالیسی تشکیل دیں تاکہ مقامی زمینداروں کا نقصان نہ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں لوگوں کے پاس پینے کا پانی نہیں تعلیمی ادارے، مراکز صحت، رابطہ سڑکیں سیلابی ریلوں میں بہہ گئی ہیں لوگ بے یارومدد گار بیٹھے ہیں مگر حکومت اور اس کے درپردہ اتحادی کہیں نظر نہیں آرہے کیوں کہ یہ لوگ عوام کے نمائندہ نہیں نہ انہیں عوام سے کوئی سروکار ہے۔
سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ لوگوں، انفراسٹرکچر کی ازسر نو بحال ایک بہت بڑا چیلنج ہے،نوابزادہ لشکری رئیسانی

ٹیگز:
نوابزادہ لشکری رئیسانی
