اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ملک بھر میں صحافیوں کو محض بات کرنے پر ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چند سال سے لگتا ہے سب سے بڑا جرم بولنا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے صحافیوں کو ہراساں کرنے سے متعلق سماعت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتیں کیوں بات کرنے سے کیوں گھبراتیں ہیں؟ بات کرنے سے اس لیے روکا جاتا ہے کیونکہ وہ احتساب ہوتا ہے؟ حکومت کے آنے سے پہلے ایک صحافیوں کا سیٹ ٹارگٹ تھا اب دوسرا سیٹ ٹارگٹ ہوگیا، صحافیوں کے لیے ہر وقت خوف اور دہشت کا ماحول کیوں ہے ؟ گزشتہ چند سالوں سے لگتا ہے سب سے بڑا جرم بولنا ہے؟
چیف جسٹس نے سیکریٹری اطلاعات کو ہدایت کی کہ یقینی بنائیں کہ صحافیوں کی کوئی پٹیشن اب اس عدالت میں نا آئے اور یو این ریپڈ وار سے پچھلی حکومت کی طرح ایک اور خط نا آنے دیں۔جسٹس اطہر من اللہ نے حکومت کو آزادی اظہار رائے کو تحفظ دینے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ آزادی اظہار پر کوئی پابندی نہ ہو۔اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ عدالت سمجھنے سے قاصر ہے کہ صحافیوں کیلئے خوف کا ماحول کیوں بنایا جا رہا ہے، خوف کا یہ ماحول کیسے ختم ہو گا؟

