لاہور (ڈیلی گرین گوادر)لاہور کی سیشن عدالت میں پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کی رہنما مریم نواز شریف کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔ہفتہ 3 ستمبر کو شہری نواز علی کی جانب سے سیشن عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز ( ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے معزز تین ججز کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی ہے۔
درخواست میں یہ بھی لکھا گیا کہ مریم نواز کی جانب سے عدلیہ کیلئے بھی نامناسب زبان استعمال کی گئی۔درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عدالت مریم نواز کے خلاف مقدمے درج کرنے کا حکم دے۔
جمع کرائی گئی درخواست کے ہمراہ پولیس کی جانب سے اندراج مقدمے کی درخواست شامل نہیں کی گئی ہے۔عدالت کی جانب سے درخواست پر سماعت 9 ستمبر کو ہوگی، جب کہ اگلی سماعت پر اندراج مقدمے کی درخواست سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔

