کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ایڈیشنل وفاقی سیکریٹری برائے توانائی (پاور ڈویژن) حکومت پاکستان اور منیجنگ ڈائریکٹر پاور پلاننگ اینڈمانیٹرنگ (پی پی ایم سی) شکیل قادر نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق صوبے میں صارفین کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے کم سے کم وقت میں بجلی بحالی کے کام کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے صوبہ بلوچستان میں بجلی کی صورتحال سے متعلق کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کے ہیڈکوارٹرزمیں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں کیسکوکے چیف ایگزیکٹوآفیسرعبدالکریم جمالی، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈڈسپیچ کمپنی(این ٹی ڈی سی) کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر منظور احمد سمیت کیسکوکے چیف انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل وفاقی سیکریٹری برائے توانائی (پاور ڈویژن) حکومت پاکستان اور منیجنگ ڈائریکٹر پاور پلاننگ اینڈمانیٹرنگ شکیل قادرنے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں تمام متاثرہ اضلاع کے صارفین کو ریلیف دینا ہمار ی اولین ترجیح ہے اوراس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کارلاتے ہوئے مرمت وبحالی کے کام کوتیز کرکے بجلی بحال کریں۔انہوں نے کہاکہ 132Kvسبی ٹو کوئٹہ اور 220KVدادو۔خضدار ٹرانسمیشن لائنوں کے گر ے ہوئے ٹاوروں کی مرمت وبحالی کاکام مکمل ہونے سے صوبہ کے تمام متاثرہ اضلاع کوریلیف ملے گا۔ شکیل قادرنے کیسکواور این ٹی ڈی سی حکام کو ہدایات کیں کہ مرمت وبحالی کے کام کو جلد ازجلد مکمل کریں۔انہوں نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو کم سے کم وقت میں بجلی کی بحالی ایک مثالی کارنامہ ہے اور انہوں نے وزارت توانائی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کایقین دلایا۔قبل ازیں چیف ایگزیکٹواآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی نے بارش اور سیلاب کے بعد پیداہونے والی صورتحال سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ حالیہ مون سون بارشوں اورسیلاب کے باعث بولان کے علاقہ بی بی نانی پل کے قریب این ٹی ڈی سی کے220kv کے10 ٹاور جبکہ پیر غائب کے علاقے میں کیسکو کے132kv کے3 ٹاور گر گئے جسکی وجہ سے 220Kvاور 132Kvسبی ٹو کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن کی بندش کے بعد صوبہ کے مختلف اضلاع کو بجلی کی فراہمی متاثرہوئی۔انہوں نے کہاکہ بعدازاں کیسکونے سبی ٹو کوئٹہ ٹرانسمیشن لائنز کی بندش کے بعد متبادل ذرائع سے کوئٹہ شہرکو بجلی فراہم کرد ی۔ انہوں نے کہاکہ کیسکواسٹاف نے ہنگامی بنیادوں پراتوارکے روز صبح سویرے سامان کی منتقلی کاعمل اور مرمت وبحالی کاکام ہنگامی بنیادوں پر شروع کردیاہے۔علاوہ ازیں 132Kvٹی پی ایس۔ یارو سیکشن اور 66KVسورینج سیکشن کے متاثرہ ٹاوروں پر بھی مرمت وبحالی کاکام جاری ہے۔ چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاکہ220kvدادو۔خضدار ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے خضدار، وڈھ، باغبانہ، قلات، نال، زہری، بیسیمہ، گدر،منگچر، کڈ کوچہ اور سوراب گرڈ اسٹیشنز سے منسلک علاقوں کو تا حال بجلی کی فراہمی معطل ہے اسکے علاوہ مستونگ، نوشکی،چاغی،خاران اور دالبندین کے علاقوں کو بھی ابھی تک بجلی کی فراہمی معطل ہے۔انجینئر عبدالکریم جمالی نے کہاکہ 220Kvدادو۔خضدار اور 132KVڈبل سرکٹ سے بجلی کی بحالی کے بعد صوبہ کے تمام متاثرہ علاقوں کو بڑی حد تک ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہاکہ سبی، ڈیرہ مراد جمالی،نصیر آباد، جھل مگسی،اوستہ محمد میں بھی سیلاب کی وجہ سے جزوی بجلی بحال ہے جبکہ132kv صحبت پور اور66kvگنداخہ گرڈ اسٹیشن میں سیلابی پانی داخل ہونے سے حفاظتی انتظامات کو مد نظر رکھ کرگرڈاسٹیشن سے بجلی کی فراہمی بند ہے۔انہوں نے کہاکہ کیسکوکی کوشش ہے کہ متاثرہ ٹرانسمیشن لائنوں کی مرمت و بحالی کو جلد از جلد مکمل کرکے صورتحال کو نارمل کیاجائے۔
متاثرہ ٹرانسمیشن لائنوں کی مرمت و بحالی کو جلد از جلد مکمل کرکے صورتحال کو نارمل کیاجائے،شکیل قادر

ٹیگز:
شکیل قادر
