کوئٹہ( ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے مستونگ سے تعلق رکھنے والے مسیحی برادری کے وفد نے یہاں ملاقات کی۔آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ، پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور خلیل جارج اور رکن صوبائی اسمبلی مٹھا خان کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر وفد نے مستونگ میں مسیحی برادری پر فائرنگ کے واقعہ سے متعلق اپنے تحفظات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ ملک اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے،مستونگ کا واقعہ قابل افسوس ہے اور حکومت بھی واقعے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسیحی برادری نے اس موقع پر جس برباد باری کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔حکومت اپنے مسیحی برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے تحفظات سے آگاہ ہے۔واقعہ میں زخمی ہونے والے مسیحی برادری کے افراد کا علاج حکومت اپنے خرچ پر کروائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ہماری روایت نہیں کہ عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جائے اور اس قسم کے واقعات سے مسیحی برادری کو متنفر نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت مسیحی برادری کو فول پروف سکیورٹی مہیا کرے گی اور حکومت اپنے مسیحی برادری کے ساتھ ہے اور اس حوالے سے ان کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سے مستونگ سے تعلق رکھنے والے مسیحی برادری کے وفد کی ملاقات

ٹیگز:
مسیحی برادری
