خضدار(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاہے کہ ہمیں اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ لوگ کیا کہیں گے تاہم ہمارا ضمیر مطمئن اور نیت صاف ہے کہ عوام کی خدمت بہت بہتر انداز میں کررہے ہیں تنقید برائے تعمیر کی ضرورت ہے ہماری سیاسی تربیت اس کی اجازت نہیں دیتی ہے کہ ہم ہر کسی کے ساتھ الجھے رہیں اوراپنا مقصد بھلا بیٹھیں ہماری منزل عوام کی خوشحالی علاقے کی تعمیر و ترقی ہے اور اس منزل کو پانے کے لئے ہم نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اقدامات عمل میں لائے ہیں اور اس منزل و سمت کی جانب بڑھ رہے ہیں جس کے لئے عوام نے ہماراانتخاب عمل میں لایا تھا۔ عوام سے متعلق تمام شعبوں میں اسکیمات دیئے ہیں پورے حلقے کے عوام کی خدمت منصفانہ انداز میں کررہے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں کالج سے لیکر پرائمری سطح تک تعلیمی ادارے قائم کیئے ہیں صحت کے شعبے میں انسٹیٹوٹ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے علاج و معالجے کے لئے بھی اقدامات عمل میں لارہے ہیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی مواصلات سمیت دیگر تمام شعبوں میں عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری ہے۔رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء اور ورکر زکو دیگر جماعتوں سے یہ امتیاز و خصوصیت حاصل ہے کہ اس جماعت کے عوامی نمائندگان پر لوگ بلاخوف وخطر تنقید میں جرات اور پہل کرلیتے ہیں ہم عوام کے شکوہ اور شکایات اطمینان کے ساتھ سن لیتے ہیں چونکہ ہمارے پاس سیاست اور جمہوریت سے آگے کچھ بھی نہیں۔جب کہ یہی تنقید کرنے والے لوگ دیگر جماعتوں کے نمائندوں پر تنقید اور انگلی اٹھانے میں پہلو تہی کرلیتے ہیں خاموش ہوجاتے ہیں، بس جے یوآئی کے عوامی نمائندوں اور دیگر جماعتوں کے نمائندگان میں یہی فرق ہے وہاں تنقید میں تپش اور ہمارے ہاں تنقید میں سکون ہے۔انہوں نے کہاکہ اپنے حلقہ انتخاب میں وسیع پیمانے پر کام کیا ہے اور کررہے ہیں ہمارے تین سال سابق حکومت نے ضائع کردیئے تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس پیمانے پر ہمارے تجاویز پر عمل نہیں کیا گیا جوکہ حلقے کے عوام چاہتی تھی۔ تاہم حالیہ چند ماہ کے دوران عوام کے مسائل دور کرنے کی خاطر بڑے پیمانے پرمنصوبے عمل میں لائے ہیں اور وہ دکھائی بھی دے رہے ہیں عوام حوصلہ رکھیں ہم سے جو ہوسکا ان کی خدمت کے لئے کریں گے اور بغیر کسی رنگ و نسل اور قومیت کے منصفانہ انداز میں عوام کے فلاح وبہبود کو فروغ دیں گے۔
ہماری منزل عوام کی خوشحالی علاقے کی تعمیر وترقی ہے، یونس عزیز زہری

ٹیگز:
یونس عزیز زہری
