کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے میں حالیہ بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات سے متاثرہ لوگوں کی بحالی بڑا امتحان ہے، وفاقی حکومت سے صوبے میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لئے رابطہ کریں گے، ناراض لوگوں سے مذاکرات کا عمل جاری رکھیں گے لیکن کسی کوبھی دہشتگردی پھیلانے عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، سندھ میں پیش آنے والے واقعات سیٹ بیک ہیں ایسے واقعات کا تدارک ہونا چاہیے۔یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے دفتر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ، ڈائریکٹرجنرل پی ڈی ایم اے نصیر خان ناصر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث ہونے والی انسانی جانوں کے ضیاع کا ازالہ تو کسی صورت ممکن نہیں ہے لیکن صوبائی حکومت نے اپنے طور پر جہاں ممکن ہوا وہاں راشن، ٹینٹ اور دیگر سہولیات کی مد میں ریلیف دیا ہے صوبے میں جو مالی اور املاک کو نقصانات ہوئے ہیں انکا ازالہ آسان نہیں ہے یہ ہمارے لئے بہت بڑا امتحان ہے کیونکہ اتنی زیادہ اخراجات صوبائی حکومت کے بس میں نہیں ہیں اس سلسلے میں وزیر اعظم سے بھی بات کی ہے اور ہم وفاقی حکومت سے تعاون بھی طلب کرلیں گے انہوں نے کہا کہ صوبے میں زرعی زمینوں،بندات،مال مویشی کے نقصانات ہوئے ہیں متاثرہ افراد کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہمارے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہے جس میں اللہ تعالیٰ ہماری مدد کریگا انہوں نے کہا کہ ڈیمز 10سالہ بارشوں کے ریکارڈ کے مطابق تعمیر کئے جاتے ہیں صوبے میں 70 سال میں کبھی اتنی زیادہ بارشیں نہیں ہوئی ہیں جتنی اس سال ہوئیں اس قسم کی بارشوں سے مضبوط سے مضبوط ڈیم بھی ٹوٹ سکتے ہیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چیف سیکرٹری اور سی ایم آئی ٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحقیقات کریں اگر ڈیم ٹیکنیکل وجہ سے ٹوٹے ہیں تو مسئلہ دیکھا جائے گا اور نقصانات کرپشن سے ہوئے ہیں تو کسی کو نہیں چھوڑیں گے ڈیمز کی تعمیر میں عوام کے پیسے خرچ ہوئے ہیں ان کے ٹوٹنے سے عوام کی امیدیں بھی ٹوٹتی ہیں اور جانی نقصانات ہو سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو آئے چھ سے سات ماہ ہوئے ہیں کسی پر الزام نہیں لگاؤنگا پچھلی حکومتوں میں میں ندی نالوں کی صفائی نہیں کی گئی پانی کی گزگاہوں پر تجاوزات کر کے تعمیرات کی گئیں جنکی وجہ سے زیادہ مالی اور جانی نقصانات ہوئے ہیں تجاوزات کے خاتمے ا ور ندی نالوں کی صفائی پر تیزی سے کام جاری ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کو جہاں اطلاع مل رہی ہے وہاں ریلیف آپریشن کئے جارہے ہیں البتہ کسی جگہ سے ریلیف نہ ملنے کی شکایات موصول نہیں ہوئیں انہوں نے کہا کہ دنیا میں مذکرات کبھی ختم نہیں ہوتے تمام مسائل آخر میں مذکرات پر ہی آتے ہیں،بلوچستان قبائلی صوبہ ہے یہاں کے مسائل کا حل جرگہ اور مذکرات ہی ہیں انہوں نے کہا کہ مذکرات کیلئے سب کے ساتھ ملکر بیٹھ کر مسائل حل کر نے کے لئے تیار ہیں لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ عوام اور فورسز کا لہو بہانے والوں کو کچھ نہ کہا جائے، صوبے میں کسی کو بھی دہشتگردی کی اجازت نہیں دی جائیگی حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھے گی جہاں بد امنی ہوگی وہاں کاروائی کریں گے ہم مذاکرات جاری رکھیں گے لیکن اگر کوئی کہے ہم ناراض ہیں اور لوگوں کونقصان پہنچائے تو ہم انہیں حکومت کو چیلنج نہیں کرنے دیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان دونوں پاکستان ہیں،سندھ میں پیش آنے والے واقعات بہت بڑا سیٹ بیک ہیں ایسے واقعات نہیں ہونے چاہیے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو ایسے اقدامات کو آگے نہیں بڑھانا چاہئے ہمیں ایک پاکستانی بن کر آھے بڑھنا چاہیے انہوں نے کہا کہ بارشیں چل رہی ہیں ابھی حتمی نقصانات کا اندازہ لگانا مشکل ہے، وزیر زراعت نے زراعت سے متعلق نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا تھانقصانات 50ارب سے کئی گنا زیادہ ہیں جب تک حتمی رپورٹ نہیں آتی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پانی کی گزر گاہوں پر تعمیرات کے خلاف کاروائی کے لئے محکمہ ریونیو کو ہدایت جاری کردی ہے۔
ناراض لوگوں سے مذاکرات کا عمل جاری رکھیں گے لیکن کسی کوبھی دہشتگردی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان

ٹیگز:
وزیراعلیٰ بلوچستان
