کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ پولیس کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ان قربانیوں کانعم البدل کوئی نہیں پولیس آفیسران اور جوانوں نے عوام کے تحفظ میں فرائض سر انجام دیتے ہوئے شہادت کا رتبہ پایا ہیں ان کی بیش بہا قربانیوں کی بدولت آج صوبے میں امن قائم ہوا ہے ان کے لواحقین اور خاندان کی بھی قربانیاں ہیں جنہیں ہم بھول نہیں سکتے ہیں۔ شہید قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور وہی قومیں عظیم بنتی ہیں جو انہیں یاد رکھتی ہیں ان خیالات کا اظہار آئی جی پولیس بلوچستان نے آج فیاض سنبل شہید پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں شہداء کی یاد گار پر پھولوں کا گلدستہ چڑھا کر فاتحہ خوانی کرنے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی کم وسائل اور بے پناہ مسائل کے باوجودبلوچستان پولیس نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر پرچم پاکستان کی سربلندی میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔بلوچستان پولیس کے تقریباً ایک ہزار سے زاہد افسران اور جوانوں نے اپنے ماں باپ بہن بھائی، بیوی،بچوں اور رشتہ داروں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وقت آنے پر اپنی جانیں وطن عزیز کے لئے قربان کی ہیں ملک میں امن وامان برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں سے مقابلہ، دکھی انسانیت کی خدمت، ملک کو جرائم سے پاک رکھنا اور نظم و ضبط کو قائم و دائم رکھنا پو لیس کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اپنے قیام سے لیکرآج تک امن کی علمبردار رہی ہے ہمارے جوان ہمہ وقت جرائم اور خصوصاً دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔بلوچستان پولیس کی جانب سے شہدائے پولیس کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ان کی سہولت کے پیش نظر بہت سے اقدامات کئے ہیں۔ ان کی فیملیز کی سہولت کے لئے خصوصی ڈیسک کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جہاں نہ صرف انہیں مکمل تفصیلات مہیا کی جاتی ہیں بلکہ ہر ممکن اقدامات کیلئے پولیس افسران پر مبنی ٹیم تمام امور کا از خود جائزہ لیتے ہوئے دستاویزات مکمل کرتی ہے۔ شہداء کی فیملیز کو مختلف تہواروں میں بھی یاد رکھا جاتا ہے۔ بلوچستان بھر میں شہدائے پولیس کے حوالے سے یادگار شہداء تعمیر کئے جارہے ہیں۔
پولیس کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، آئی جی بلوچستان

ٹیگز:
آئی جی بلوچستان
