اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ملازم نے پیٹرولیم مصنوعات کی آسمان کو چھوتی قیمتوں کے بعد ادارے سے انوکھی درخواست کردی۔
سی اے اے ملازم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گدھا گاڑی پر دفتر جانے کا فیصلہ کیا اور اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر تعینات ملازم راجہ آصف اقبال نے انتظامیہ سے گدھا گاڑی کی پارکنگ کی اجازت مانگ لی۔ملازم نے ڈی جی سول ایوی ایشن کو گدھا گاڑی پر آفس آنے اور گدھا گاڑی کو پارک کرنے کی جگہ دینے کیلئے درخواست جمع کرائی ہے۔
سی اے اے ملازم نے تحریری درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ مہنگے پیٹرول اور مہنگائی میں ادارے نے ٹرانسپورٹ کی سہولت بند کر دی ہے، بڑھتی پیٹرولیم قیمتوں کی وجہ سے ذاتی ٹرانسپورٹ لانا بھی ممکن نہیں۔سی اے اے ملازم کا درخواست میں مزید کہنا ہے کہ مہربانی فرما کر مجھے میری گدھا گاڑی ائیرپورٹ لانے کی اجازت دی جائے۔
دوسری جانب ترجمان سی اے اے کا ردعمل میں کہنا ہے کہ تمام ملازمین کو فیول الاؤنس ملتا ہے، پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی دستیاب ہوتی ہے، جن ملازمین کو فیول الاؤنس ملتا ہے اور جہاں پبلک ٹرانسپورٹ ہے وہ روٹس بند کیے۔
ترجمان سی اے اے کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر میٹرو بس سروس بھی دستیاب ہے۔خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ ایک ہفتے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 60 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے اور شہریوں کی جانب سے حکومتی فیصلے پر شدید تنقید اور احتجاج کیا جارہا ہے۔

