خاران (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے ملک کو ہائی جیک کرلیا ہے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہے کیونکہ ان کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات تمام چیزوں پر پڑتے ہیں عوام کا اس ہوشرباء مہنگائی سے جینا محال ہوگیا ہے حکومت اپنی شاہ خرچیوں کو کنٹرول کرے اور عوام کو ریلیف دے صورتحال جوں کی توں رہی تو عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونگے کہیں حالات سری لنکا کی طرح نہ ہوجائیں یہ بات انہوں نے خاران میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 30روپے کا یکدم اضافہ عوام پر ایٹم بم کی طرح گرا ہے جوکہ غریب عوام کی برداشت سے باہر ہے ان قیمتوں کے اثرات ہر چیز پر پڑیں گے خواہ وہ اشیائے خوردونوش ہو یا تعلیم و صحت کے شعبے ہوں لوگوں کے لئے اب سفر کرنا بھی مشکل ہوگیا اور بچوں کو تعلیم بھی نہیں دے پائیں گے کاروبار پہلے ہی زوال کا شکار تھا اب مکمل ٹھپ ہو کر رہ جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام پر بوجھ ڈالنے سے گریز کرے اور اپنی شاہ خرچیاں بند کرے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگائی جائے وزراء کی فوج ظفر موج کو مختصر کیا جائے لگڑری گاڑیوں کے استعمال کو بند کرکے چھوٹی گاڑیاں استعمال کی جائیں کرپشن کا خاتمہ کیا جائے کفایت شعاری کو اپنا نصب العین بنایا جائے غیر ترقیاتی بجٹ پر فوری طور پر 50فیصد کٹ لگا کر عوم کو ریلیف دی جائے انہوں نے کہاکہ صورتحال یہی رہی تو عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوجائے گی اور اللہ نہ کرے کہ ملک کے حالات بھی سری لنکا جیسے ہوجائیں حکمران ایسی حکمت عملی مرتب کریں کہ ملک معاشی لحاظ سے بہتری کی طرف جائے سیاسی رسہ کشی اور ٹانگیں کھینچنے کے بجائے ملک کی تمام سیاسی جماعتیں سرجوڑ کر ملک و قوم کو اس بحران سے نکالنے کیلئے متحد ہوجائیں۔
آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے ملک کو ہائی جیک کرلیا ہے،میرعبد الکریم نوشیروانی

ٹیگز:
میرعبد الکریم نوشیروانی
