کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ پاکستان کواس وقت قومی اتحاد و یگانگت کی ضرورت ہے فساد کی نہیں۔ پاکستان کو امن وسلامتی کی ضرورت ہے انتشار اور بدامنی کی نہیں۔پاکستان کسی سیاسی انتشار اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ جو لوگ پاکستان کو فساد کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں وہ پاکستان اور اسلام سے دشمنی کر رہے ہیں۔ پاکستان کی سلامتی کے تحفظ اور امن و استحکام کے لیے پوری قوم کو مل کر پاکستان کی سالمیت اور بقاء کے لئے کام کرنا ہوگااور اس کے لئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ملکرپاکستان کو انتشار کی جانب دھکیلنے کے لئے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہمیشہ کے لیے خاک میں ملا دے گی۔ پاکستان کو اس وقت سیاسی و معاشی استحکام کی اشد ضرورت ہے اور اس کے لئے تمام سیاسی اکابرین کو عدم برداشت اور انتہا پسندی سے گریز کرتے ہوئے ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے اور کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہئے جو دشمنوں کی چالوں کو تقویت ملے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ سیاسی اختلاف سب کا حق ہے لیکن سیاسی مخالفت میں اس قدر آگے نکل جانا اور اخلاقی اقدار کو پس پشت ڈال کر مخالف کی ذاتی زندگی اور ان کی فیملی پر کیچڑ اچھالنا کسی صورت قابل قبول عمل نہیں۔اگر پاکستان میں انتشار کی سیاست شروع ہوگئی تو پاکستان کی سلامتی اور بقاء کوشدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں اس لیے تمام سیاسی پارٹیوں اور سیاست دانوں کو چاہئے کہ ہیں وہ وقت کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے صبر و تحمل اور برداشت کا رویہ اختیار کریں اور دشمنوں کی پاکستانیوں کوآپس میں لڑانے کی سازشیں ناکام بنائیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان کے عوام میں مقبول ترین سیاسی پارٹی ہے اور اس نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور کبھی بھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے ہمیشہ ملکی سالمیت اور قومی یکجہتی کی بات کی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان کے عوام کی خدمت اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات کوشاں ہے اور انشاء اللہ بلوچستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار بلوچستان عوامی پارٹی کے نمائندے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہو کربلوچستان کے کونے کونے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بلدیاتی انتخابات میں بلوچستان کے بہتر مستقبل اور ترقی و خوشحالی کے لئے بلوچستان عوامی پارٹی کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں۔
پاکستان کسی سیاسی انتشار اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
