کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر نورمحمدقاضی،ای پی آئی کے ڈپٹی منیجر ڈاکٹر عامر رئیسانی نے کہا ہے کہ والدین اپنے مستقبل کے معماروں کو جان لیوا اور خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں،محکمہ صحت بلوچستان اور ای پی آئی پروگرام 24سے 30اپریل تک صوبے بھر میں حفاظتی ٹیکوں سے آگاہی کی مہم کا ہفتہ منارہی ہے۔یہ بات انہوں نے اتوار کو ڈاکٹر طاہر زہری اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ڈاکٹر نورقاضی نے کہا کہ دنیا بھر میں 24سے 30اپریل تک حفاظتی ٹیکوں سے متعلق آگاہی کا ہفتہ منایا جارہا ہے بلوچستان میں بھی محکمہ صحت اورا ی پی آئی یونیسف،ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے یہ ہفتہ بھر پور طریقے سے منارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای پی آئی پروگرام کے تحت ایک سال سے کم عمر بچوں کو تپ دق،پولیو، کالایرقان، کالی کانسی،خناق،تشنج،نمونیہ،گردن توڑبخار،اسہال،خسرہ اور روبیلا جیسی جان لیوا اوردیگر خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فکسڈ سائٹس،آؤٹ ریچ ویکسینیشن سینٹرز اور موبائل ٹیموں کے ذریعے مفت حفاظتی ٹیکے لگائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ای پی آئی پروگرام ہر سال 4لاکھ50ہزار سے زیادہ بچوں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے اسوقت پورے بلوچستان میں 819سرکاری اور 31غیر سرکاری مراکز صحت میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی سہولت بہم پہنچارہی رہے ان میں بھی 146سینٹرز ویکسی نیٹرز کی کمی کی وجہ سے غیر فعال ہیں اسوقت 1230آوٹ ریچ اور موبائل ٹیمز پورے بلوچستان میں تشکیل دی گئی ہیں بلوچستان میں 783یونین کونسل میں سے صرف 579یونین کونسلو ں میں ای پی آئی فکسڈ سائٹس موجود ہیں جبکہ اب بھی 204یونین کونسلز ایسی ہیں جہاں پرای پی آئی کی کوئی سائیٹ موجود نہیں ہے اسی طرح 58فیصد ایسے گورنمنٹ کے ہسپتال ہیں جہاں پر کوئی ای پی آئی کی سہولت موجود نہیں ہے اسوقت بھی پروگرام میں تقریباً 1ہزار سے زائد ویکسی نیٹر کی ضرورت ہے اگر ہم اس تفریق کو بلوچستان کے زمینی پھیلاو کی بنیاد پر کریں تو ہمیں تقریباً 10ہزار کے قریب ٹرینڈافرادی قوت کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم والدین، اساتذہ کرام،علماء اوردیگر مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بچوں کو جان لیوا او خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں اورمحکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ بھر پورتعاون کریں۔
محکمہ صحت بلوچستان 24سے 30اپریل تک صوبے بھر میں حفاظتی ٹیکوں سے آگاہی کی مہم کا ہفتہ منارہی ہے،ڈاکٹر نورمحمدقاضی،ڈاکٹر عامر رئیسانی ٗ ڈاکٹر طاہر زہری

ٹیگز:
ڈاکٹر طاہر زہری
