کوئٹہ:الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری گوشواروں کے مطابق اسلم رئیسانی 21 ارب کے اثاثوں کے ساتھ بلوچستان اسمبلی کے امیر ترین ممبر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسلم رئیسانی کے پاس گاڑیوں کی مالیت تین ارب، پچھتر کروڑ روپے ڈکلیئرڈ ہے جبکہ انہوں نے تیئس کروڑ روپے کے جانور بھی رکھے ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے اثاثوں کی مالیت 72 کروڑ 84 لاکھ روپے جبکہ سردار یار محمد رند 14 ہزار ایکڑ زرعی زمین کے مالک ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بلوچستان اسمبلی کے ممبران کے مالی گوشواروں کی تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ایک کروڑ، چورانوے لاکھ روپے کا بزنس ظاہر کیا ہے جبکہ گاڑیوں کی کل مالیت 4 کروڑ 81 لاکھ روپے اور بارہ لاکھ روپےکے زیورات ظاہر کیے ہیں۔
نواب ثنا اللہ زہری کراچی اور خضدار میں ساڑے چھ کروڑ روپے سے رہاشی اور زرعی جائیداد کے مالک ہیں جبکہ ان کا دبئی میں پانچ کروڑ کا اپارٹمنٹ بھی ہے۔ ان کے پاس 2 کروڑ 70 لاکھ روپے کی گاڑی، 60 تولے سونا اور 11 کروڑ روپے زائد کے پرائز بانڈ ہیں۔ نواب ثنا اللہ زہری نے مختلف بینکوں میں 81 لاکھ روپے اور 10 لاکھ کا فرنیچر ظاہر کیا ہے۔
سپیکر عبدالقدوس بزنجو کے پاس 95 لاکھ روپے کا گھر جبکہ 4 لاکھ روپے کا سونا ظاہر کیا عگیا ہے۔ ان کے پاس 9 لاکھ اٹھتر ہزار روپے سے زائد بینک میں موجود ہیں۔
وزیر خزانہ ظہور احمد بلیدی کی زرعی زمین ایک ہزار دس ایکڑ ظاہر کی گئی ہے۔ ان کے پاس تربت، کراچی اور گوادر میں دو پلاٹ ہیں۔ ان کے پاس کوئی سونا اور زیورات نہیں ہیں۔

