کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے کراچی میں صحافی اطہر متین کی دن دیہاڑے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت سے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور لواحقین کو انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔بی یو جے کی جانب سے جاری بیان میں صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری منظور احمد اور ایگزیکٹو باڈی کے ممبران نے سماء ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر صحافی اطہر متین کے بیہمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے، بی یو جے کے صدر عرفان سعید نے کہا ہے کہ عامر متین ایک قابل اور محنتی صحافی تھے ان کی شہادت سے پورے ملک کے صحافی رنجیدہ ہیں اس طرح دن دیہاڑے ڈاکووں کی کارروائی تشویشناک ہے، سندھ حکومت مکمل تحقیقات کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری یقینی بنائے، بی یو جے کے جنرل سیکرٹری منظور احمد نے صحافی اطہرمتین کی ڈاکووں کے ہاتھوں قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ڈکیتی کے واقعات میں ہر مکتبہ فکر کے لوگ مارے جارہے ہیں جمعہ کی صبح ہمارا ایک قابل اور محنتی صحافی اطہر متین ہم سے جدا ہوگیا ایسے لگتا ہے سندھ حکومت نے لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے فرض سے چشم پوشی اختیار کرلی ہے، اطہر متین کا بچھڑ جانا صحافت کیلئے بڑا نقصان ہے، قاتلوں کی فوری گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے، بی یو جے نے اطہر متین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ پاک شہید اطہر متین کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے آمین۔
صحافی اطہر متین کا بچھڑ جانا صحافت کیلئے بڑا نقصان ہے، قاتلوں کی فوری گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے، بی یوجے

ٹیگز:
بی یوجے
