کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے نہتے ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کے پرامن مشترکہ احتجاج پر لاٹھی چارج،سخت ترین تشدد،انھیں زخمی کرنے اور 50کے قریب ان کی گرفتاریاں قابل مذمت ہے اور آئین پاکستان کے انسانی حقوق کے21 آرٹیکل جس میں انجمن سازی،پارٹی بنانے، اجتماع اور تقریر کرنے کی آزادی دی گئی ہے لیکن آج پولیس کا نہتے اور انسانیت کے مسیحا پر حملہ دراصل آئین کی خلاف ورزی ہے۔ اور کسی بھی سرکاری ملازم کو ملکی آئین کی پائمالی کا اختیار حاصل نہیں۔ وہ ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کے پرامن مشترکہ دھرنے سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف اسلام آباد ڈی چوک اور ریڈزون میں 126دن مسلسل دھرنے، سپریم کورٹ، ملک کی پارلیمنٹ کو زبردستی بند کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی تھی اور دوسری طرف پرامن ڈاکٹرز کے احتجاج پر بلاجواز غیر قانونی تشدد اورگرفتاریاں موجودہ سلیکٹڈ حکومتوں کی دوغلی پالیسی اور عوام دشمن اقدامات کو ثابت کرتی ہے جو ہر صورت میں قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کے مطالبات کو تسلیم کرنے اور پورے ملک میں ڈاکٹروں کیلئے مقرر کردہ تنخوا ہ کے برابر تنخواہ دینے،سرکاری ہسپتالوں میں پرائیوٹائزیشن کا نظام مسلط کرنے کیخلاف اور سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی ضرورت کی ادوئیات مہیا نہ کرنے اورحسب ضرور ت مشینری،سٹی سکین، ایم آر آئی اور دیگر تمام علاج ومعالجہ کے متعلق ساز وسامان کی مرمت کے مطالبے جائز اور برحق ہے اور اسے پورا کرنا حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے سرکاری علاج ومعالجے کا نظام درہم برہم ہے ڈاکٹروں پر مقدمات اور ان کی بلاجواز گرفتاری کے باعث صحت کا نظام مزید شدید متاثر ہوا ہے اور مسلسل احتجاج کے بعد ان کی رہائی عمل میں لائی گئی لیکن مطالبات کے حل کی کوئی سبیل نہیں نکالی گئی ہے جو قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے پرامن ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس پر بدترین تشدد کرنیوالے پولیس آفیسروں اوراہلکاروں کیخلاف قانونی کارروائی گرفتارڈاکٹروں کی فوری رہائی اور ان کے برحق اور حقیقی مطالبات تسلیم کرنے کے حق کی پشتونخواملی عوامی پارٹی مکمل حمایت کرتی ہے اور اس سلسلے میں ڈاکٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات شروع کرنے اور او پی ڈیز کھولنے کا مطالبہ کرتی ہے۔
پولیس کی جانب سے ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کے پرامن احتجاج پر لاٹھی چارج قابل مذمت ہے، عبدالرحیم زیارتوال

ٹیگز:
عبدالرحیم زیارتوال
