کراچی(ڈیلی گرین گوادر)کراچی میں شیر شاہ پراچہ چوک کے قریب دھماکا ہوا ہے۔ ڈی سی کیماڑی کا کہنا ہے کہ نالے میں گیس بھرنے سے دھماکا ہوا تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کےمطابق جمعہ کی دوپہر تقریباً پونے 5 بجے شیرشاہ کے علاقے پراچہ چوک میں دھماکا ہوا۔پولیس نے بتایا ہے کہ دھماکا بینک کے عقب میں ٹوٹی ہوئی دکانوں میں ہوا اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔
ڈی سی کیماڑی مختار ابڑو نے واقعے کی تصدیق کی اور تازہ صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ دھماکا نالے میں گیس بھرنے کے باعث ہوا، اس مقام پر تین غیر قانونی دکانیں تعمیر تھیں جنہیں مسمار کردیا گیا تاہم نالے پر فرش اب بھی موجود تھا، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس سے قبل 18 دسمبر 2021ء کو شیرشاہ پراچہ چوک پر واقع اسی نالے میں دھماکے سے نجی بینک کی عمارت اور قریبی دکانوں کو شدید نقصان پہنچا تھا جس کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جس میں رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد بھی شامل تھے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتایا تھا کہ دھماکا نالے میں گیس بھر جانے کے باعث ہوا، ماضی میں بھی اس علاقے میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا۔سوئی سدرن گیس کی ٹیموں نے تصدیق کی تھی کہ واقعے کی جگہ پر ادارے کی کوئی گیس پائپ لائن نہیں تھی، مزید برآں علاقے میں موجود تمام گیس پائپ لائنز بالکل محفوظ ہیں اور انہیں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

