صنعا(ڈیلی گرین گوادر) یمن کے اسٹریٹجک شہر ماریب کے قریب تازہ جھڑپوں میں تقریباً 200 جنگجو مارے گئے ہیں۔صحت کے ذرائع نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سعودی زیرقیادت اتحاد کے فضائی حملوں اور ماریب کی سرحد سے متصل شبوا اور البیدہ صوبوں میں حکومت نواز فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 125 سے زائد حوثی باغی مارے گئے ہیں ،
یمنی سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حکومت نواز جائنٹس بریگیڈ، جسے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حمایت حاصل ہے، کے بھی 70 جنگجومارے گئے ہیں ۔ یہ جھڑپیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوئیں۔اقوام متحدہ کے مطابق، سعودی زیرقیادت اتحاد یمن کی حکومت کی حمایت میں حوثیوں کے خلاف تقریباً سات سالوں سے لڑ رہا ہے، جس نے لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا ہے اور دنیا کا بدترین انسانی بحران پیدا کر دیا ہے۔
گزشتہ روز حوثی باغیوں نے کہا کہ انہوں نے متحدہ عرب امارات کا جھنڈا لہرانے والے ایک فوجی جہاز پر قبضہ کر لیا ہے۔ جس پر سعودی اتحاد نے اصرار کیا کہ وہ طبی سامان لے کر جا رہا ہے۔حالیہ ہفتوں میں حوثی باغیوں کے علاقوں پر سعودی فضائی حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جب کہ حوثیوں نے مملکت پر میزائل اور ڈرون حملوں کو تیز کر دیا ہے۔

