کوئٹہ (گرین گوادر نیوز)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبد الرحمن رفیق، صوبائی جوائنٹ سیکرٹری مولانا خورشید احمد، جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ مسعود احمد،مفتی عبد الغفور مدنی، حاجی صالح محمد، مولانا محمد عارف شمشیر اور دیگر نے 18نومبر کو جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام علماء کنونشن کے انعقاد کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی وطن کی تاریخ ہمارے اکابرین کے بغیر نامکمل ہے،علماء کنونشن کا مقصد اکابرین کی جدوجہد کے تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ہرقسم حالات کا مقابلہ کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی پاکستان میں علماء کرام کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد سے تاریخ بھری پڑی ہے۔ملک کی اسلامی تشخص اور پہچان کے خلاف حکمرانوں نے مغربی آقاؤں سے خفیہ معاہدے کئے ہیں اس پر عمل درآمد کے خلاف جمعیت علماء اسلام کی قوت موجود ہیجو پاکستان کی اساس اور بنیاد کی جنگ لڑ رہی ہے اور اسی طرح دینی مدارس ملک کی نظریاتی سرحدات کے محافظ ہیں، قیام پاکستان کے لئے ہمارے اکابرین نے بے مثال جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ مارچ 1949میں دستور ساز اسمبلی نے ”قرار داد مقاصد“کے عنوان سے قرار داد منظور کی تو اسلام کی بنیادی تعلیمات، اساسی احکامات اور اہم جزئیات کو آئین کا حصہ بنانے میں مولانا شبیر احمد عثمانی اور ان کے رفقائے کارنے بھرپور کردار ادا کیا۔ اور آج بھی علماء کرام ملک کی تعمیر و ترقی اور قوم کی فلاح و بہبود میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدات سمیت ہر قسم کی حفاظت ہمارے ذمہ ہے۔ استعماری طاقتیں پاک وطن کو کمزور کرنا چاہتی ہیں اسی وجہ سے ملک میں قومیت، عصبیت، صوبائیت، لسانیت اور فرقہ واریت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگریز سامراج کے خلاف ہمارے اکابرین کی تعلیمی جدوجہد تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وطن کلمہ کے مقدس نام پر حاصل کیا گیا لیکن برسراقتدار ٹولے نے اسلامی نظام نافذ کرنے کے بجائے یہاں مغربی تہذیب کو پروان چڑھانے کی کوشش کی۔18نومبر ہونے والے علماء کنونشن کی تشہیری مہم کے سلسلے میں جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی سوشل میڈیا ٹیم کا اہم اجلاس زیر صدارت ضلعی سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد منعقد ہوا جس میں 18نومبر کو ہونے والے علماء کنونشن کی تشہیری مہم کے سلسلے میں تحریر، ڈیزائننگ، ویڈیوز، فوٹوگرافی اور دیگر امور کی مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں جس کا اجلاس 10نومبر بروزِ بدھ تین بجے طلب کیا ہے، کنونشن کے حوالے پرنٹ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں مولانا مفتی نیک محمد فاروقی مولانا محمد طاہر توحیدی سمیت سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی ترجمان عبدالغنی شہزاد نے کہا کہ جمعیت ضلع کوئٹہ کے سوشل میڈیا نوجوانوں کی کارکردگی قابل تحسین ہے، جوہرقسم منفی پروپیگنڈوں سے بے نیاز ہو کر صرف اور صرف جماعتی کاز پر توجہ دے کر جماعتی پیغام کو عام کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
آزادی وطن کی تاریخ ہمارے اکابرین کے بغیر نامکمل ہے، مولانا عبد الرحمن رفیق

ٹیگز:
مولانا عبد الرحمن رفیق
