دالبندین (گرین گوادر نیوز) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ملکی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کا اہم کردار ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آبائی علاقے چاغی کی دورے کے دوران دالبندین میں اپنے رہائش گاہ پر ہندو پنچائیت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو چاغی کے دورے پر خوش آمدید کہتے ہوئے تحائف بھی پیش کیے۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اقلیتی برادری وزیر اعظم عمران خان سمیت ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہیں ہم صدیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ اچھے ماحول میں رہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے کیونکہ اقلیتی برادری ہمارے معاشرے کا اہم جز ہیں. انہوں نے اپنی جانب سے ضلع چاغی کے اقلیتی برادری کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے. ان کا کہنا تھا ملک بھر میں گزشتہ روز اقلیتوں کے تحفظ کا دن منایا گیا جو بحیثیت قوم ہم سب کے عزم کا اعادہ ہے۔
ملکی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کا اہم کردار ہوتا ہے، صادق سنجرانی

ٹیگز:
صادق سنجرانی
