کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گزشتہ نیشنل ووشو چیمپئن شپ میں کاظمی ووشو اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے 8 گولڈ، 6 سلور اور 5 برونز میڈلز حاصل کرنے کے بعد اس سال بھی اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے مزید محنت کرکے اپنی ہی سابقہ کارکردگی کو پیچھے چھوڑدیا اور اس سال 14 گولڈمیڈل، 8 سلورمیڈل اور 5 برونز میڈلز حاصل کرکے نمایاں طورپر نیشنل ریکارڈقائم کردیا۔
اس موقع پر اکیڈمی کے کوچ و سرپرست اعلی سیدفداحسین کاظمی نے اس شاندار کامیابی پر مسرت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ کامیابی محض میڈلز کی تعداد کاحصول نہیں بلکہ برسوں کی محنت، مسلسل تربیت، بہترین کوچنگ اور کھلاڑیوں کے عزم و حوصلے کا نتیجہ ہے۔
کاظمی ووشو اکیڈمی کے تمام کھلاڑیوں سمیت انکے والدین، آفیشلز شبیر حسین کاظمی اور تمام معاونین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اکیڈمی مستقبل میں بھی اسی طرح محنت اور لگن سے کھیل کے میدان میں اپنے صوبہ بلوچستان اور ملک وقوم کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کرتے رہیں گے۔

