اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)وفاقی دارالحکومت میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا آغاز ہوگیا، جس میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کی قیادت نے شرکت کی اور عالمی سرمایہ کاروں کو ملک کے مختلف علاقوں میں معدنی وسائل کی تلاش اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
فورم میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی شریک ہوئے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور عالمی سرمایہ کاروں کو وہاں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے قیمتی پتھروں سمیت مختلف معدنیات کی تلاش کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں آنے والے سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مختلف قیمتی دھاتوں اور پتھروں کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم علاقے کا ایک بڑا مسئلہ رابطہ کاری اور کنکٹیویٹی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں معدنیات کے علاوہ تیل اور گیس کی تلاش کے بھی مواقع موجود ہیں۔’مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کو کان کنی کے شعبے میں آگے آنا چاہیے، صوبائی حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔‘انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاروں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جا رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق منرل کوریڈور کے لیے الگ سیکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ہے اور آج کا بلوچستان پہلے سے مختلف ہے۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، اس مقصد کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت دی جائے گی۔انہوں نے سرمایہ کاروں کو صوبے میں معدنیات کی تلاش اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا گیس پیدا کرنے والا ملک کا دوسرا بڑا صوبہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، غیر قانونی کان کنی کے خاتمے اور رابطہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں معدنیات کے علاوہ سیاحت کے بھی وسیع مواقع ہیں اور حکومت دہشتگردی کو سیاحت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبوں کے فروغ کے ذریعے ترقی کی کوششیں جاری ہیں اور کان کنی کے عمل میں نجی شعبے کو آگے لایا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق تھر کے کوئلے کے ذخائر دنیا کے چھٹے بڑے ذخائر میں شامل ہیں اور ان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں متعدد اقسام کی معدنیات پائی جاتی ہیں، کان کنی کے لیے مؤثر فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے جبکہ عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ سندھ عالمی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرے گا۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان قدرتی اور معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، پنجاب کے دریاؤں میں سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ہیں، جن کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قدرتی وسائل اور غیر معمولی صلاحیت موجود ہے جبکہ معدنی وسائل کی صورت میں ملک کے پاس بہت بڑی دولت ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر قومی خوشحالی میں تبدیل کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا موجود ہے اور اس کے ذخائر کے شواہد سامنے آئے ہیں۔’دریائی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ دیگر قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی پائی جاتی ہیں، جن کی موجودگی اور مقدار کا تعین کرنے کے لیے سروے کیے جا رہے ہیں۔‘مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پنجاب کے قدرتی وسائل کو مشترکہ دولت اور خوشحالی میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔
’اس مقصد کے لیے معدنی وسائل کی تلاش اور ان سے فائدہ اٹھانے کے عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔‘انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں، جو سرمایہ کاری کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔’حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں کو سستے نرخوں پر زمین اور کم شرح سود پر قرضے بھی فراہم کر رہی ہے۔‘

