اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سکیورٹی اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سہولت کاری کے لیے پُرعزم ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ سکیورٹی فورسز بھی سرمایہ کاروں کے تحفظ کی صلاحیت اور عزم رکھتی ہیں۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس فورم کا مقصد پاکستان کے معدنی ذخائر اور غیر دریافت شدہ وسائل کو اجاگر کرکے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
فورم کے اجلاس میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ اور خیبرپختونخوا کے گورنر کے علاوہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد بھی شریک ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ان کے نزدیک اصل چیلنج سکیورٹی نہیں بلکہ بلوچستان کے بارے میں تاثر اور زمینی حقیقت کے درمیان فرق ہے۔ ان کے بقول سب جانتے ہیں کہ تاثر حقیقت کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان ٹی وی پر دکھائی جانے والی تصویر سے مختلف ہے۔ صوبے کے لوگ سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ یہاں موجود مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے آگے آنے کی دعوت بھی دی۔ میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان معدنیات، تیل اور گیس کے بڑے ذخائر رکھتا ہے اور آنے والے مہینوں میں ان شعبوں میں مثبت پیش رفت متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریکوڈک منصوبہ 2029 تک فعال ہونے کی توقع ہے، جو صوبے کی معدنی استعداد کی ایک بڑی مثال ہے۔وزیراعلیٰ نے سارونا کے علاقے میں تیل اور گیس کے امکانات کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہاں موجود ذخائر سوئی کے ذخائر سے بھی بڑے ہیں۔ ان کے مطابق سوئی کے ذخائر گزشتہ 70 برس سے زیادہ عرصے سے پاکستان کو توانائی فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بلوچستان حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے سوئی میں کھاد کا ایک صنعتی شہر قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اس علاقے میں کم بی ٹی یو گیس کی دستیابی اس منصوبے کی بنیاد ہے۔سرفراز بگٹی نے سرمایہ کاروں کو اس مجوزہ منصوبے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت انہیں سکیورٹی، شہری سہولتیں اور دیگر ضروری تعاون فراہم کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار کی پہلی ضرورت سکیورٹی ہوتی ہے، جس کی وہ سکیورٹی فورسز، وفاقی حکومت اور بلوچستان کے عوام کی جانب سے ضمانت دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ صوبے میں انہیں سرکاری محکموں کی غیر ضروری رکاوٹوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری میں سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان مائنز اینڈ منرلز ایکٹ صوبائی اسمبلی نے ایوان میں موجود سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے منظور کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ قانون پاکستان میں پہلے سے رائج وسیع تر قانونی فریم ورک سے ہم آہنگ ہے۔ میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے لیے سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

