میرپورخاص (ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ معاشرے میں حقیقی تبدیلی کے لیے خواتین کو اپنی دعوتی، تنظیمی اور تربیتی ذمہ داریوں کا بھرپور احساس کرتے ہوئے عملی جدوجہد کا حصہ بننا ہوگا۔ جماعت اسلامی کی دعوت محض ایک تنظیمی سرگرمی نہیں بلکہ معاشرے کی فکری و اخلاقی اصلاح اور اقامتِ دین کی جدوجہد ہے، جس کے لیے ہر خاتون کو اپنی صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لانا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورۂ میرپورخاص کے دوران ناظماتِ اضلاع، ناظماتِ حلقہ جات اور امیدوار اراکین کے ساتھ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ تنظیمی ذمہ داریاں محض عہدوں کا نام نہیں بلکہ ایک امانت اور جواب دہی کا تقاضا ہیں۔ ایک مؤثر کارکن وہ ہے جو اپنی ذات کی اصلاح کے ساتھ اپنے خاندان، حلقۂ اثر اور معاشرے تک دین کا پیغام پہنچانے کی فکر رکھتی ہو۔ دعوتی کام میں تسلسل، اخلاص، حکمت اور استقامت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ خواتین اپنی تربیت کو مضبوط بنائیں، قرآن سے تعلق گہرا کریں اور اپنے عمل و کردار سے دعوت کی عملی تصویر بنیں۔
انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ تنظیمی نظم و ضبط، باہمی تعاون اور مسلسل رابطے کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں۔ دعوتی میدان میں وسعت پیدا کرنے کے لیے نئے افراد تک پہنچنا، ان کی فکری و اخلاقی تربیت کرنا اور انہیں مثبت معاشرتی تبدیلی کی جدوجہد سے جوڑنا ضروری ہے۔
نشست میں سوال و جواب کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا، جس میں شرکاء نے تنظیمی، دعوتی اور تربیتی ذمہ داریوں کے حوالے سے مختلف سوالات کیے۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے تفصیلی جوابات دیتے ہوئے رہنمائی فراہم کی اور خواتین کو اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مزید متحرک اور مؤثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی مضبوطی کا انحصار کارکنان کی فکری پختگی، تربیت اور عملی وابستگی پر ہے۔ ہر ذمہ دار خاتون کو اپنے دائرۂ کار میں دعوتی سرگرمیوں کو منظم کرنے اور خواتین کے ساتھ مضبوط رابطہ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب تنظیمی جدوجہد کے لیے انفرادی صلاحیتوں کو اجتماعی قوت میں تبدیل کرنا اور طے شدہ اہداف کے حصول کے لیے مستقل مزاجی سے کام کرنا ناگزیر ہے۔
ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے بھی شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی و مقامی سطح پر جاری تنظیمی سرگرمیوں اور دعوتی جدوجہد پر روشنی ڈالی اور باہمی تعاون کے ذریعے کام کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔پروگرام کے دوران نو منتخب ناظمہ ضلع میرپورخاص سے ان کے منصب کی ذمہ داریوں کے حوالے سے حلف بھی لیا گیا۔ نشست میں ارکان جماعت، امیدوارانِ رکنیت اور دیگر تنظیمی ذمہ داران نے شرکت کی۔

