پشین(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی کی ہدایت پر ضلع پشین کے علاقے تنگ مسے زئی میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی صدارت ضلعی سیکرٹری عمر خان ترین نے کی۔مظاہرے سے ضلعی صدر عمر خان ترین، مرکزی سیکرٹری عبد الحق ابدال، تحصیل پشین کے صدر عصمت کمالزئی، تحصیل حرمزئی کے صدر ایڈووکیٹ مناف خان بادیزئی اور تحصیل کارپوریشن کے جنرل سیکرٹری شمس جمال نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ دہشت گردی، بدامنی، چوری اور ڈکیتی کی مسلسل وارداتوں کے باعث جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع کے عوام متاثر ہو رہے ہیں اور امن و امان کی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پشتونخوامیپ کے چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی دعوت پر نواب ایاز خان جوگیزئی کی صدارت میں جنوبی پشتونخوا کے ڈویژنل اور صوبائی جرگے منعقد کیے گئے، جبکہ اب ضلعی سطح پر جرگوں کا سلسلہ جاری ہے۔مقررین نے الزام عائد کیا کہ عوام کے جان و مال محفوظ نہیں، وسائل پر قبضے کا سلسلہ جاری ہے اور مسلح جتھوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو اس صورتحال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو اپنے تحفظ کے لیے جرگوں کو منظم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے تنگ مسے زئی میں مسلح عناصر کے گاں میں داخل ہونے، لوٹ مار، ڈکیتی، باپ بیٹے کو قتل کرنے اور ایک نوجوان کو اغوا کرنے کا واقعہ پیش آیا، جبکہ گزشتہ رات ضلع قلعہ سیف اللہ میں پارٹی کے ضلعی ایگزیکٹو رکن نوابزادہ سکندر خان جوگیزئی اور عبدالرحمن کمال الدین زئی پر قاتلانہ حملہ بھی بدامنی کے واقعات کا تسلسل ہے۔مقررین نے قلعہ عبداللہ کے علاقے میزئی اڈہ میں جاری احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے میں جاں بحق افراد کے قاتلوں کو گرفتار، مغوی نوجوان کو فوری بازیاب اور جنوبی پشتونخوا سے مسلح جتھوں اور مبینہ پراکسی سرگرمیوں کا خاتمہ کیا جائے۔
جنوبی پشتونخوا میں بدامنی اور مسلح جتھوں کا خاتمہ کیا جائے، پشتونخوامیپ

