قلات (ڈیلی گرین گوادر)میونسپل کمیٹی قلات کے غریب ملازمین گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ عارضی ملازمین کو گزشتہ چار ماہ سے اجرت نہیں مل سکی۔تنخواہوں کی طویل تاخیر اور عدم ادائیگی کے باعث غریب ملازمین اور ان کے اہل خانہ فاقہ کشی پر مجبور ہو چکے ہیں اور دو وقت کی روٹی کے لیے شدید پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ شدید مہنگائی میں مہینوں تنخواہیں نہ ملنے سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، بچوں کی تعلیمی فیسیں اور علاج معالجے کے اخراجات برداشت کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔ملازمین نے صوبائی حکومت، بالخصوص وزیر اعلیٰ بلوچستان، وزیر بلدیات اور میونسپل کمیٹی قلات کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے کہ ان کے جائز مطالبات پر رحم کھاتے ہوئے تنخواہیں اور بقایا جات جلد از جلد ادا کیے جائیں تاکہ وہ درپیش معاشی بحران سے نکل سکیں۔
میونسپل کمیٹی قلات کے ملازمین دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم،شدید مالی مشکلات کا شکار

ٹیگز:
میونسپل کمیٹی قلات
