تربت(ڈیلی گرین گوادر)جامعہ تربت کے یونیورسٹی ماڈل اسکول کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا تیسرا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسکول کے مالی امور، رجسٹریشن اور اس کو مزید وسعت دینے کے علاوہ عملے کی فلاح و بہبود کا جائزہ لیا گیا اور اسکول کی تیز رفتار ترقی کے لیے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تربت امجد شہزاد، رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر فنانس شاہ بیک سید اور اسکول کی پرنسپل مہناز بشیر نے شرکت کی، جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پنجگور عابد حسین ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں پیرنٹس ٹیچر اسکول مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ اسکول کی مزید ترقی کے لئے والدین کی رائے کو بھی شامل کیا جاسکے۔ جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اسکول میں ہر طالب علم کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی نشوونما کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بچوں کی ڈیجیٹل لٹریریسی، تخلیقی صلاحیتوں اور مؤثر ابلاغی مہارتوں کو نکھارنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں توازن برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ تربت معیاری اعلی تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ جدید تقاضوں کے مطابق معیاری ایلیمنٹری تعلیم کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعہ تربت فعال کمیونٹی خدمات کے ذریعے اپنی سماجی ذمہ داریاں ادا کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ یہ اقدامات جامعہ کی تعلیمی پالیسی، طویل المدتی وڑن اور اسٹریٹجک پلان 2026-30 کا اہم حصہ ہیں، جن میں مکران ریجن میں اسکول کیمپسز کے قیام کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ بورڈ کے اراکین نے اسکول کی مزید بہتری کے لیے سفارشات پیش کیں، جن کا وائس چانسلر نے خیرمقدم کیا۔
جامعہ تربت کے یونیورسٹی ماڈل اسکول کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا اجلاس، جدید ٹیکنالوجی اور اقدار پر مبنی تعلیم کی فراہمی کا عزم

ٹیگز:
جامعہ تربت
