کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مرکزی رہنما لالا سلطان اور دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PMDC) کی مجوزہ نجکاری اور لیز کی منسوخی کے فیصلے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے لالا سلطان نے کہا کہ پی ایم ڈی سی ایک اہم قومی ادارہ ہے جو ملکی معیشت میں کلیدی اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کی نجکاری اور لیز کی منسوخی سے جہاں ادارے کے سینکڑوں ملازمین بے روزگاری کا شکار ہوں گے، وہیں بلوچستان کی مقامی آبادی کے معاشی مفادات شدید طور پر متاثر ہوں گے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ ادارے کی نجکاری اور لیز کی منسوخی کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تمام ملازمین کی ملازمتوں، تنخواہوں اور دیگر طے شدہ مراعات کا تحفظ یقینی بنائے، اور ملازمین کی تعداد میں کمی سے قبل لیبر فیڈریشن کے نمائندوں سے باقاعدہ مشاورت کی جائے۔ اس کے علاوہ مقامی آبادی کے حقوق کے تحفظ کے لیے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (CSR) کے تحت فلاحی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کو بیچنے کے بجائے بہتر انتظام، شفافیت اور موثر حکمتِ عملی کے ذریعے مضبوط بنایا جانا چاہیے۔
پی ایم ڈی سی کی نجکاری سے بلوچستان کے ملازمین اور مقامی آبادی کے معاشی مفادات متاثر ہوں گے، لالا سلطان

ٹیگز:
لالا سلطان
