اوکاڑہ(ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے پیٹرولیم لیوی، ظالمانہ ٹیکسوں اور مہنگائی کے خلاف منعقدہ شاندار جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر عوام کو مہنگائی اور معاشی مشکلات سے نجات دلانے کے لیے دو ماہ سے مسلسل جدوجہد جاری ہے۔ پاکستان میں جماعت اسلامی وہ جماعت ہے جس کی قیادت اور کارکن دن رات عوام کے درمیان میدان عمل میں موجود ہیں اور اپنے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ پاکستان انگریزوں کی غلامی سے نجات حاصل کرنے اور ایک آزاد و خودمختار زندگی گزارنے کے لیے حاصل کیا گیا تھا، لیکن بدقسمتی سے آج بھی عام آدمی کے حالات میں وہ بنیادی تبدیلی نہیں آ سکی جس کا خواب دیکھا گیا تھا۔ عوام مہنگائی، بھاری ٹیکسوں اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی نے عوام کے حالات بدلنے اور انہیں ان کے بنیادی حقوق دلانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ملک ہے، مگر عوام ان وسائل کے ثمرات سے محروم ہیں۔ آج پاکستانیوں کو بیرون ملک اپنی شناخت کے حوالے سے بھی مشکلات اور احساسِ محرومی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کو ایسی سمت دی جائے جہاں عوام کو عزت، روزگار، بنیادی سہولتیں اور معاشی تحفظ میسر ہو۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے غزہ کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں معصوم انسانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور مسلمانوں کی بے بسی نے امت مسلمہ کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کا سوال کھڑا کر دیا ہے۔ غزہ کے مظلوم عوام کے لیے مؤثر آواز اٹھانا اور ان کی حمایت جاری رکھنا ہماری اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل، پیٹرولیم لیوی کے خاتمے، ظالمانہ ٹیکسوں سے نجات اور مہنگائی کے بوجھ میں کمی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ذمہ داری ہے اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے پُرامن، جمہوری جدوجہد ناگزیر ہے۔
ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے اوکاڑہ کے شاندار جلسہ عام کی کامیابی، منتظمین کی محنت اور خواتین کے بڑے اجتماع میں بھرپور شرکت پر اہلِ اوکاڑہ، جماعت اسلامی کے کارکنان، خواتین ارکان اور تمام شرکاء کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے عوامی مسائل کے خلاف جدوجہد میں بھرپور دلچسپی اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ خواتین کی یہ شرکت اس حقیقت کی عکاس ہے کہ مہنگائی، بھاری ٹیکسوں اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے گھر گھر متاثر ہے۔ثمینہ سعید نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عوامی حقوق کی اس جدوجہد میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے خواتین کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے متحد رہیں، عوامی مسائل کو اجاگر کریں اور جماعت اسلامی کی پُرامن جمہوری جدوجہد میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں۔

