تربت (ڈیلی گرین گوادر) جامعہ تربت کی ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ (ایچ آر ڈی) کمیٹی کا چھٹا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر محمد طاہر حکیم، فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے ڈین ڈاکٹر عدیل احمد، فیکلٹی آف لاء کے ڈین ڈاکٹر مظفر حسین، رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر فنانس شاہ بیک سید اور شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے چیئرمین ڈاکٹر ارشاد معیار نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ اور ان کو پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع کی فراہمی، جامعہ تربت کو ملک کے صف اول کے تعلیمی اداروں میں شامل کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے ملکی و غیر ملکی اعلی تعلیمی و تحقیقی اداروں میں زیر تعلیم اسکالرز کو ہر ممکن سہولیات اور رہنمائی فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فیکلٹی ممبران کی پیشہ ورانہ ترقی سے نہ صرف تعلیمی معیار بلند ہوگا بلکہ یونیورسٹی کے اسٹریٹجک پلان 2026-30 کے اہداف کے حصول میں بھی پیش رفت ہوگی۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق، اجلاس میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرامز اور اسکالرشپس سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ایڈوانسڈ اسٹڈیز کے لیے ملکی و غیر ملکی اداروں میں داخلہ لینے والے اساتذہ کو این او سی کے اجراء اور تعلیم مکمل کرنے والے اسکالرز کی دوبارہ یونیورسٹی جوائن کرنے کی منظوری سمیت دیگر اہم تعلیمی و انتظامی معاملات پر حتمی فیصلے کیے گئے۔
جامعہ تربت، ایچ آر ڈی کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں فیکلٹی کی پیشہ ورانہ ترقی اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے اہم فیصلے

ٹیگز:
جامعہ تربت
