لاہور(ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق ایک ماہ کے نجی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ہیں۔ وطن واپسی پر اپنے پیغام میں انہوں نے مہنگائی کے خلاف جاری عوامی تحریک کو مسلسل زندہ رکھنے پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی ارکان و کارکنان کی استقامت، فرض شناسی اور جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ کارکنان نے جولائی سے جاری اس تحریک میں ذمہ داری اور ثابت قدمی کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا ہے۔ تحریک کے حوالے سے کارکنان کی گرمجوشی اور عوامی دلچسپی میں دن بدن اضافہ خوش آئند ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی، بالخصوص خواتین کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا دشوار بنا دیا ہے۔ ایسے حالات میں عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرنا اور مہنگائی کے بوجھ میں کمی کے لیے جدوجہد جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی ارکان و کارکنان روزِ اول سے اس تحریک میں اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ صفِ اول میں موجود ہیں۔ خواتین نے استقامت اور عزم کے ساتھ تحریک کو آگے بڑھانے میں اپنا حصہ ڈالا ہے اور آئندہ بھی عوامی حقوق کی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کرتی رہیں گی۔
سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے اوکاڑہ میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں ارکان و کارکنان اور عام خواتین کی بھرپور شرکت کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی فعال شرکت تحریک کی قوت اور تسلسل کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اسی جذبے، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کے ساتھ عوامی رابطے کا سلسلہ ، بھتہ لیوی کے خلاف جنگ اور دستخطی مہم میں اپنا فعال کردار جاری رکھیں تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کے مسائل مؤثر انداز میں اجاگر کیے جا سکیں۔

