کوئٹہ:بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالایوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ہے دن دیہاڑے بے گناہ اورمعصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن وزیراعلیٰ سمیت وزراء سب ٹھیک ہے کاراگ الاپ رہے ہیں،صوبے کی سیاسی،قوم پرست ،مذہب پرست سیاسی جماعتوں اور قبائلی مشران کو حالات کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا بصورت دیگر صوبے کو تباہی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ اسوقت پورابلوچستان بدامنی کی لپیٹ میں قومی شاہراہوں پرسفر کرنا مشکل ہوچکا ہے اور شہر میں دن دیہاڑے بے گناہ اور معصوم شہریوں کو قتل کیاجارہا ہے لیکن پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال پر قوم پرست و مذہبی جماعتوں کی خاموشی بھی معنی خیزہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی اپنی قبائلی روایات تھیں جنہیں آج پاؤں تلے روندا جارہا ہے اور انہیں روکنے والا کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں حکومت کی رٹ مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے حکمران اور وزراء عوام کی حفاظت کی بجائے اپنی حفاظت اور لوٹ مار میں لگے ہوئے ہیں اور انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اسوقت آٹا،گھی،دالیں،سبزیاں سمیت ہرچیز مہنگی ہوچکی ہے لیکن ایک چیز سستی ہوئی ہے وہ انسان کی ہے جس کی کوئی قیمت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہیں کہ صوبے کی سیاسی،مذہبی اور قوم پرست جماعتیں اور قبائلی مشران آگے بڑھ کر صوبے میں لگی دہشت گردی کی آگ پر قابو پانے کیلئے اپناکردار ادا کریں بصورت دیگر صوبے کو تباہی کے سوا کچھ نہیں ملے گا اور ہماری آنے والی نسلیں بھی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ جائیں گی۔
بلوچستان میں حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ہے، دن دیہاڑے بے گناہ اورمعصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، لالایوسف خلجی

ٹیگز:
لالایوسف خلجی
