کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینئر سیاستدان سابق وفاقی و صوبائی وزیر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ کوئٹہ سے وفاقی دارالخلافہ اسلام آباد کا ہوائی جہاز کا ایک طرف کا کرایہ 80 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے عوام سے وصول کرنا بلوچستان کے غیور، بے بس، غریب لوگوں پر ظلم ڈھانے کے مترادف ہے۔ مقتدر حلقے وفاقی حکومت اور ارباب اختیار کو اس کا نوٹس لینا چاہئے کیونکہ بلوچستان میں بحرانی کیفیت کی وجہ سے بذریعہ سڑک لوگوں کا اپنے خاندان کے ساتھ سفر کرنا محال ہوچکا ہے اور کوئی بھی شخص بذریعہ ہوائی جہاز اتنے مہنگے ٹکٹ خریدنے کی سکت نہیں رکھتا مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وفاق کی جانب سے بلوچستان اور یہاں پر بسنے والے لوگوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کے سدباب کے لئے جو اقدامات اٹھانے چاہئیں وہ نہیں اٹھائے جارہے جس کی وجہ سے لوگوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے گھمبیر حالات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی طرح سفید پوشی کا بھرم رکھنے والوں کے لئے بھی مشکلات پیدا کر رکھی ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی شہری بذریعہ سڑک سفر کرنے سے گریز کرتا ہے کیونکہ کیونکہ آئے روز سڑکوں کی بندش اور سنگین حالات کی وجہ سے رات کے اوقات میں پبلک اور مال بردار گاڑیوں کے سفر کرنے پر بھی پابندی عائد ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہے اور کوئٹہ سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے کوئٹہ بذریعہ ہوائی جہاز کا ٹکٹ عوام اور عام شہری کی دسترس سے باہر ہے کیونکہ ایک طرف کا کرایہ کوئٹہ سے اسلام یا اسلام آباد سے کوئٹہ 80 ہزار سے 1 لاکھ 49 ہزار روپے وصول کیا جاتا ہے جو بلوچستان جوکہ پاکستان کا رقبے کے اعتبار سے سب سے بڑا آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا اور قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہونے کے باوجود یہاں پر بسنے والے لوگ زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں بلوچستان آنے والی مختلف ہوائی جہاز کمپنیوں کا کرایے میں آئے روز بے تحاشا اضافہ کرکے لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کی جارہی ہے ایوان بالا، ایوان زیریں اور صوبائی اسمبلی میں موجود نمائندے بھی اس ظلم اور زیادتی کے خلاف آواز اٹھانے سے گریزاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا ظلم اور زیادتی کا یہ سلسلہ بند کیا جائے کیونکہ اسلام آباد سے لاہور، کراچی کا کرایہ اسلام آباد سے کوئٹہ کے کرایہ سے کئی گنا کم ہے انہوں نے کہا کہ اگر ارباب اختیار، وفاقی حکومت اور مقتدر حلقوں نے اس کا نوٹس نہ لیا تو ہم ہر فورم پر بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ ہونے والے اس ظلم، جبر اور زیادتی کے خلاف آواز اٹھائیں گے تاکہ اس مہنگی سفری سہولتوں میں آسانی پیدا کی جاسکے۔
اسلام آباد کا ہوائی جہاز کا ایک طرف کا کرایہ 80 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک پہنچ گیا

ٹیگز:
سردار یار محمد رند
