کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کلی درانی شالدرہ کے عوام کو درپیش سنگین امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ علاقے میں اوباش عناصر کی جانب سے آئے روز پہاڑوں پر چڑھ کر ہوائی فائرنگ کی جاتی ہے، جس کے باعث شدید خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امر انتہائی تشویشناک ہے کہ پہاڑ کے دامن میں گنجان آبادی اور شہریوں کے مکانات موجود ہیں، جس کی وجہ سے کسی بھی وقت بڑے جانی نقصان کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہوائی فائرنگ کے مسلسل واقعات نے نہ صرف علاقے کا امن تباہ کر دیا ہے بلکہ خواتین، بچوں اور بزرگوں میں شدید بے چینی اور عدم تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے۔ لوگ گھروں سے نکلنے میں بھی خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں، جبکہ معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بھی سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں، جو فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اگر بروقت اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ مزید سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے، جس کے اثرات پورے علاقے کے امن و استحکام پر مرتب ہوں گے۔ پارٹی نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس سے کسی صورت غفلت برتی نہیں جا سکتی۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے متعلقہ حکام، خصوصاً گوالمنڈی پولیس، ایس ایچ او گوالمنڈی اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے، ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور علاقے میں پولیس گشت کو نمایاں طور پر بڑھایا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے ٹھوس اور دیرپا اقدامات کیے جائیں، عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جدید حکمتِ عملی اپنائی جائے اور ایسے عناصر کی سرکوبی کی جائے جو علاقے کے امن کو خراب کرنے کے درپے ہیں۔ پارٹی نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جانی چاہیے۔ آخر میں پارٹی قیادت نے دوٹوک انداز میں اعلان کیا کہ اگر اس مسئلے کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو پارٹی عوام کے ساتھ مل کر بھرپور اور منظم احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ ساتھ ہی اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہر حال میں عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ، علاقے میں پائیدار امن کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
کلی درانی کے عوام کو درپیش سنگین بدامنی کا سامنا ہے ٗ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخوا نیشنل
