اوتھل (ڈیلی گرین گوادر) ضلع لسبیلہ کے ہیڈکوارٹر اوتھل میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہو گئی، گزشتہ شب نامعلوم مسلح چوروں نے رات کی تاریکی اور پولیس کی مبینہ غفلت کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے شہر کے مرکزی بازار میں چار دکانوں کے تالے توڑ کر تاجروں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی سے محروم کر دیا۔واردات کے بعد شہر کے تجارتی حلقوں میں شدید اشتعال اور عدم تحفظ کی لہر دوڑ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق اوتھل بازار میں چوری کی منظم وارداتوں کے دوران ہندو تاجر دیوی داس کی دکان سے تقریباً 5 لاکھ روپے نقدی اڑا لی گئی۔تاجرآوم کی دکان کے تالے توڑ کر 4 لاکھ روپے نقدی نکال لی گئی۔مہاراج کیلاش کمار کی دکان سے 60 ہزار روپے چوری کر لیے گئے۔دیپ کمار کی دکان کے بھی تالے توڑے گئے، تاہم نقدی نہ ہونے کے باعث چور مزید نقصان نہ کر سکے۔متاثرہ ہندو تاجروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس اور مقامی انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے بازار کی سیکیورٹی کے لیے صرف دو سے تین اہلکار تعینات ہیں، جو کہ انتظامیہ کے سنجیدہ نہ ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پولیس گشت نہ ہونے کے برابر ہے۔جس کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر بے خوف ہو چکے ہیں۔تاجروں نے نشاندہی کی کہ رات 8 بجے مارکیٹیں بند ہونے کی وجہ سے بازار جلد سنسان ہو جاتے ہیں، لیکن پولیس اس خلا کو پر کرنے اور گشت بڑھانے میں مکمل ناکام رہی ہے۔ بازار جلد بند کروانے کے احکامات تو جاری کر دیئے گئے مگر تاجروں کے مال و جان کے تحفظ کے لیے کوئی اضافی اقدامات نہیں کیے گئے۔
اوتھل میں نامعلوم چور ہندو تاجر کی دکان سے پانچ لاکھ روپے نقدی لے اڑے

ٹیگز:
اوتھل
