لاہور (ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان نے ملک بھر میں ہر دل تک قرآن کے سلوگن کے تحت منعقد ہونے والے دورۂ قرآن کی کامیاب تکمیل پر آٹھ ہزار مدرسات اور اس عظیم دینی خدمت میں شریک تمام خواتین ارکان و کارکنان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر ہے کہ اس سال بھی 25 شعبان سے شروع ہونے والے دورۂ قرآن اور اس کے ساتھ جاری مختصر کورسز کو نہایت محنت، اخلاص اور ذمہ داری کے ساتھ پورے ملک میں عام کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تقریباً آٹھ ہزار مدرسات کی اس عظیم کام میں شرکت اس بات کی واضح علامت ہے کہ قرآن کی روشنی کو عام کرنے کا جذبہ خواتین کے دلوں میں زندہ اور متحرک ہے۔- سب نے اپنے قیمتی وقت، توانائی اور صلاحیتوں کو قرآن کے پیغام کو عام کرنے کے لیے وقف کیا اور جس محبت، تیاری اور سنجیدگی کے ساتھ دورۂ قرآن کے تھیم کو لوگوں تک پہنچایا وہ یقیناً اللہ تعالیٰ کے ہاں بڑی قدر و قیمت رکھتا ہے۔سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ دورۂ قرآن محض ایک درس نہیں بلکہ دلوں کو قرآن سے جوڑنے اور معاشرے میں خیر و ہدایت کے چراغ روشن کرنے کی ایک عظیم خدمت ہے۔ انہوں نے تمام مدرسات کی محنت، اخلاص اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس خدمت کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے علم اور اثر میں اضافہ کرے اور ان کے ذریعے مزید دلوں کو قرآن سے وابستہ فرمائے۔انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی خواتین کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے _وہ خواتین کے اندر دینی شعور کو بیدار کرنے کے لیے ، امت مسلمہ کے درد پر مرہم رکھنے کے لیے ، امت کی آواز بننے کے لیے پورے ملک میں کوشاں ہے – اسی کوشش کا ایک پہلو۔ ہر دل تک قرآن ۔۔۔۔دورہ قرآن۔ تحریک کا آغاز کیا گیا ہے ،قران دراصل دلوں کی شفاء ہے۔وہ مائیں جو چھوٹے بچوں کی تربیت کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہیں – قرآن کی تعلیم کے بعد اس قابل ہوں کہ آج کے چیلنجرز کو سمجھیں اور معاشرے کے اندر معاشرتی بیماریوں کا خاتمہ ہو اور اجتماعی نیکی کا ماحول پھیلے – انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یہ جدوجہد جماعت کے لیے مضبوط افرادی قوت اور نئے کارکنان کا ذریعہ بنے گی اور قرآن کی روشنی معاشرے کے ہر گوشے تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
آٹھ ہزار مدرسات کی محنت رنگ لے آئی: ملک بھر میں دورۂ قرآن کی کامیاب تکمیل پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی کا اظہارِ تشکر

ٹیگز:
جماعت اسلامی
