کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری و ترجمان علی احمد لانگو نے 8 مارچ یومِ خواتین کے موقع پر جاری بیان میں کہا ہے کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زائد زندہ، متحرک اور تخلیقی حصہ ہیں جن کے بغیر کسی بھی معاشرے کی ترقی جمہوریت اور انصاف کا تصور ادھورا ہے۔ خواتین نہ صرف خاندان بلکہ سماج معیشت سیاست اور تہذیبی زندگی کی تعمیر میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہیں۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جس سماج نے خواتین کو برابری کے اور فیصلہ سازی میں حقیقی مواقع فراہم کئیے تو معاشرے نے ترقی شعور اور انصاف کی نئی راہیں متعین کیں۔ بدقسمتی سے ہمارے سماج میں آج بھی خواتین کو تعلیم صحت روزگار اور سیاسی نمائندگی جیسے بنیادی حقوق کے حصول میں متعدد رکاوٹوں اور سماجی ناانصافیوں کا سامنا ہے، جو ایک مہذب اور جمہوری معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی خواتین کی آزادی برابری اور بااختیار ہونے کے اصولی مؤقف پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی کی سیاست کا بنیادی فلسفہ یہ ہے کہ خواتین کو قومی و سماجی زندگی میں مساوی اور باوقار مقام حاصل ہو۔ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ خواتین کی سیاسی شمولیت، قیادت اور فیصلہ سازی میں مؤثر کردار کے لیے جدوجہد کی ہے۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ یومِ خواتین محض ایک علامتی دن نہیں بلکہ ہر قسم کے جبر استحصال اور صنفی امتیاز کے خلاف آواز بلند اور ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد کی تلقین کرواتا ہے جہاں خواتین کو مکمل عزت، آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہوں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی آزادی دراصل سماج کی آزادی ہے اور جب تک خواتین کو انصاف تعلیم صحت اور بااختیار ہونے کے مساوی مواقع فراہم نہیں کیے جاتے اس وقت تک حقیقی جمہوریت اور ترقی کا خواب ادھورا رہے گا۔ نیشنل پارٹی خواتین کے حقوق وقار اور برابری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زائد زندہ، متحرک اور تخلیقی حصہ ہیں،خواتین کے بغیر کسی بھی معاشرے کی ترقی جمہوریت اور انصاف کا تصور ادھورا ہے، علی احمد لانگو

ٹیگز:
علی احمد لانگو
