کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ماہِ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کے مطابق جاری رمضان ریلیف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ضلعی افسران نے پرائس کنٹرول، اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم ہو سکے۔اجلاس میں مستحق خاندانوں تک راشن کی شفاف اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ مستحقین کی فہرستوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کی جائے تاکہ امداد صرف حقدار افراد تک پہنچے۔ بیواؤں، یتیموں، معذور افراد اور کم آمدنی والے خاندانوں کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران بازاروں میں رش کے پیش نظر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے اقدامات بھی زیر بحث آئے۔ ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی کہ اہم شاہراہوں، بازاروں اور افطار اوقات میں خصوصی ڈیوٹی سرانجام دی جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کو مضبوط بنائیں اور فیلڈ میں موجود مسائل کی فوری نشاندہی کرکے بروقت حل یقینی بنائیں۔اجلاس کے اختتام پر آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کی گئیں تاکہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی اقدامات مؤثر اور نتیجہ خیز ثابت ہوں۔
ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی

ٹیگز:
مہراللہ بادینی
