کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے معزز تین رکنی بینچ کی جانب سے پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 میں کامیاب قرار دیے جانے کے تاریخی فیصلے کے بعد ملک بھر، بالخصوص صوبے کے طول و عرض میں خوشی اور اطمینان کی فضا قائم ہوگئی۔ بیان کے مطابق اس فیصلے نے کارکنوں اور عوامی حلقوں میں ایک نئی امید اور اعتماد کو جنم دیا ہے، جبکہ مبارکبادوں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ بیان میں کہا گیا کہ عدالتِ عظمیٰ کے اس آئینی، قانونی اور اصولی فیصلے کو جمہوریت، عوامی مینڈیٹ اور آئین کی بالادستی کی واضح اور دوٹوک فتح قرار دیا جا رہا ہے۔ پارٹی کے مطابق یہ فیصلہ اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ آئینی ادارے عوام کے ووٹ کی حرمت کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کارکنوں نے اسے حق اور سچ کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام میں اختلافات کا حل صرف آئینی اور قانونی راستوں سے ہی ممکن ہے۔ فیصلے کے فوراً بعد مرکزی سیکریٹریٹ کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں قائم پارٹی دفاتر میں کارکنوں، ہمدردوں اور عوام کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔ مختلف شہروں اور قصبوں میں ریلیاں نکالی گئیں، قلعہ سیف اللہ میں ایک عظیم الشان جلوس کا انعقاد کیا گیا، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور پارٹی پرچم لہرا کر اس کامیابی کا جشن منایا گیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف ایک نشست کی بحالی ہے بلکہ عوامی اعتماد کی بحالی اور جمہوری اصولوں کی تقویت کا مظہر ہے۔ مرکزی بیان کے مطابق صوبے کے علاوہ خیبر پختونخوا، سندھ اور پنجاب سے بھی مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، سیاسی جماعتوں کے قائدین، اراکینِ پارلیمنٹ، وکلاء برادری، تاجر و صنعتکار، قبائلی عمائدین، دانشوروں، نوجوانوں اور خواتین کارکنوں نے ٹیلیفونک رابطوں، سوشل میڈیا پیغامات اور بالمشافہ ملاقاتوں کے ذریعے اپنی دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ متعدد اضلاع میں خصوصی تقریبات اور مشاورتی نشستوں کا انعقاد کیا گیا جہاں اس کامیابی کو طویل آئینی، قانونی اور سیاسی جدوجہد کا ثمر قرار دیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کامیابی محض ایک فرد یا جماعت کی نہیں بلکہ ان تمام کارکنوں، ووٹرز اور عوام کی مشترکہ جدوجہد کی مرہونِ منت ہے جنہوں نے ہر مشکل مرحلے پر صبر، استقامت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ پارٹی قیادت نے واضح کیا کہ وہ عوام کے اعتماد کو ایک مقدس امانت سمجھتی ہے اور قومی اسمبلی کے فورم پر صوبے اور پشتونخوا وطن کے حقوق کے تحفظ، وسائل کی منصفانہ تقسیم، آئینی بالادستی، پارلیمانی خودمختاری اور جمہوری استحکام کے لیے بھرپور اور مدلل آواز بلند کرتی رہے گی۔ مرکزی قیادت نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی عوامی مسائل کے حل، امن و امان کے قیام، نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی، تعلیمی اداروں کی بہتری، صحت کی سہولیات کی توسیع اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کو مزید تیز کرے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ پائیدار ترقی، شفاف طرزِ حکمرانی اور قانون کی یکساں عملداری ہی وہ اصول ہیں جن پر ایک مضبوط اور مستحکم معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ پارٹی آئین و قانون کی بالادستی، عوامی حقِ حکمرانی اور جمہوری روایات کے فروغ کے لیے اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی اور قومی اسمبلی کے پلیٹ فارم سے صوبے کے پشتون، بلوچ اور دیگر تمام شہریوں سمیت ملک بھر کے عوام کی مؤثر، جرات مندانہ اور اصولی نمائندگی کا فریضہ پوری دیانت داری کے ساتھ ادا کرے گی۔
خوشحال خان کاکڑ کو کامیاب قرار دیے جانے کے تاریخی فیصلے کے بعد ملک بھر، بالخصوص صوبے کے طول و عرض میں خوشی اور اطمینان کی فضا قائم ہوگئی،پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی

