نصیرآباد(ڈیلی گرین گوادر) کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیر صدارت ای پی آئی حفاظتی ٹیکہ جات توسیعی پروگرام کے حوالے سے چوتھی ڈویڑنل سہ ماہی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیشنل پروفیشنل آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر رحمت کاکڑ، ڈویژن بھر کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران، پی پی ایچ آئی کے ڈی ایس ایمز، ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے نمائندگان شریک ہوئے جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس کے دوران ڈویژن بھر میں حفاظتی ٹیکہ جات کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ ای پی آئی پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ بچوں کی بروقت ویکسینیشن انہیں مختلف مہلک بیماریوں سے محفوظ بناتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن اضلاع میں ای پی آئی پروگرام کے حوالے سے کمزوریاں سامنے آئی ہیں وہاں فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں اور ویکسینیٹرز سمیت دیگر ٹیموں کی موثر تربیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے عملے کی سخت اور موثر مانیٹرنگ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام کی کامیابی کے لیے نگرانی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر ڈیفالٹرز کی فہرستیں مرتب کرکے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ رہ جانے والے بچوں کو کور کیا جاسکے جبکہ زیرو ڈوز بچوں کی علیحدہ لسٹیں بنا کر دور دراز علاقوں میں بھی ای پی آئی پروگرام کو وسعت دی جائے تاکہ کوئی بچہ حفاظتی ٹیکہ جات سے محروم نہ رہے۔
بچوں کی بروقت ویکسی نیشن کے لیے ضلعی سطح پر اصلاحی اقدامات اور موثر نگرانی ضروری ہے،کمشنر نصیرآباد صلاح الدین نورزئی

ٹیگز:
صلاح الدین
