کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ ملک اس وقت جن گھمبیر بحرانوں اور سنگین مسائل کا شکار ہے، ان کا واحد اور دیرپا حل قومی حکومت کے قیام میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر نئے دن کے ساتھ مسائل میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ عوام مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور معاشی بے یقینی کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔اپنے جاری کردہ بیان میں پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام نے معیشت کو کمزور کر دیا ہے، سرمایہ کاری کا عمل سست روی کا شکار ہے اور عام آدمی کی قوتِ خرید میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات اور وقتی فائدوں سے بالاتر ہوکر ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے۔ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ تمام جمہوری قوتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر قومی حکومت کی تشکیل کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سیاسی درجہ حرارت کم نہیں ہوگا اور قومی سطح پر ہم آہنگی پیدا نہیں کی جائے گی، تب تک نہ معاشی استحکام ممکن ہے اور نہ ہی عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی حکومت کے قیام سے نہ صرف سیاسی کشیدگی میں کمی آئے گی بلکہ اہم قومی پالیسیوں پر اتفاقِ رائے پیدا ہوگا جس سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بھی بہتر ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے زور دیا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی و جمہوری قیادت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر عملی اقدامات نہ کیے گئے تو مسائل مزید پیچیدہ ہو جائیں گے اور اس کا خمیازہ عام شہری کو بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیاسی قیادت قومی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ملک کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے مثبت کردار ادا کرے۔
بحرانوں کا واحد حل قومی حکومت کے قیام میں مضمرہے، پروفیسرحلیم صادق

ٹیگز:
حلیم صادق
