کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، مفتی نیک محمد فاروقی، مفتی روزی خان بادیزئی، حاجی ولی محمد بڑیچ، حاجی قاسم خان خلجی،،رحیم الدین ایڈووکیٹ، مولانا محمد عارف شمشیر، صفی اللہ مینگل، حاجی محمد شاہ لالا اور حافظ دوست محمد نے مشترکہ اخباری بیان میں وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے دورہ کوئٹہ کے موقع پر کہا کہ وہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، عدم فراہمی اور عوام پر مسلط کیے گئے بھاری بھرکم اور ناروا بلوں کے سنگین مسئلے پر فوری دادرسی کریں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں شدید سردی اور گرمی کے باوجود گیس و بجلی کی مسلسل بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ استعمال سے کہیں زیادہ بلوں کی وصولی سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔ عام آدمی مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث پہلے ہی پریشان ہے، ایسے میں یوٹیلیٹی بلوں کا بوجھ عوام کی کمر توڑ رہا ہے۔رہنماؤں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ بند کمروں میں بریفنگ لینے کے بجائے براہ راست عوام سے ملاقات کریں، گلی محلوں اور بازاروں میں جا کر لوگوں کے مسائل سنیں اور زمینی حقائق کا خود مشاہدہ کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیس و بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، ناروا اور زائد بلوں کا فوری خاتمہ کیا جائے اور ماضی کے ناجائز بلوں کی اصلاح کی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت علماء اسلام عوام کے جائز حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور اگر عوامی مسائل پر سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کوئٹہ میں گیس اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، عدم فراہمی اور عوام پر مسلط کیے گئے بھاری بھرکم اور ناروا بلوں کے سنگین مسئلے پر فوری دادرسی کریں، مولانا عبد الرحمن رفیق

ٹیگز:
عبد الرحمن رفیق
